اردو | हिन्दी | English
365 Views
Politics

مودی نے جاپانی وزیر اعظم کو دکھائی سید مسجد

modi
Written by Taasir Newspaper

احمد آباد، 13 ستمبر (یو این آئی) جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے گجرات کے دورے پر آج ٹوکیو سے براہ راست احمد آباد پہنچے ، جہاں انہوں نے اپنے دورووہ سرکاری دورے کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ آٹھ کلومیٹر طویل روڈ شو کے ذریعہ کیا، جس میں ان کی اہلیہ آکی آبی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر دونوں نے ہندوستانی پوشاک زیب تن کررکھا تھا۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوائی اڈے پر پروٹوکول توڑ کر ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس دوران، ملک کی 28 ریاستوں کے فنکاروں نے ان کے استقبال میں پروگرام پیش کیا۔ ان کا روڈ شو سابرمتی ریور فرنٹ، سبھاش برج اور آر ٹی او سرکل ہوتا ہوا سابرمتی آشرم پہنچا۔ اس کے بعد تینوں معزز ہستیوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی مقامی رہائش گاہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ آشرم میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کو گلہائے عقیدت پیش کئے اور گاندھی کے چرخے کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں اور مہمان لیڈر اور ان کی اہلیہ نے آشرم کی وزیٹر رجسٹری میں دستخط کئے ۔طے شدہ پروگرام کے مطابق آج دوپہر تقریبا ساڑھے تین بجے مسٹر شینزو آبے کا خصوصی طیارہ یہاں سردار بلبھ بھائی پٹیل ہوائی اڈے پر اترا۔ طیارے سے باہر نکلنے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے نے ان سے پہلے ہاتھ ملایا اور پھر ان کو گلے لگا یا۔ چین کے ساتھ ڈوکلام تنازعہ میں جاپان کی طرف سے ہندوستان کے مضبوط تعاون کے پس منظر میں ان کے اس دورے کو انتہائی دوستانہ خیال کیا جارہا ہے ۔ مسٹر آبے کو ہوائی اڈے پر ہی ان کے شایان شان گارڈ آف آنر دیا گیا اور فوج کی تینوں اکائیوں کے دستوں نے بینڈ باجے کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ مسٹر آبے اور ان کی اہلیہ کا خیرمقدم کرنے والوں میں گجرات کے گورنر او پی کوہلی، وزیر اعلی وجے روپانی، نائب وزیر اعلی نتن پٹیل، بی جے پی کے ریاستی صدر جیتو بگھانی، خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر اور چیف سکریٹری جے این سنگھ بھی شامل تھے ۔ ہوائی اڈے کے احاطے ہی میں راس گربا پروگرام سے مہمانوں کو محظوظ کرایا گیا۔ جس کے بعد ابرآلود موسم میں دونوں لیڈران روڈ شو کرتے ہوئے سابرمتی آشرم کے لئے روانہ ہوگئے ۔ شام کو مسٹر شینزو آبے نے سولہویں صدی کی قدیم مسجد سیدی سید نیجالی کا مشاہدہ کیا، جس کے پاس ہی واقع ریستوراں میں انہیں عشائیہ دیا گیا۔ دوروزہ دورے کے دوسرے دن کل وہ مسٹر مودی کے ساتھ یہاں سابرمتی ایتھلیٹکس اسٹیڈیم میں ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ، اس کے بعد وہ گاندھی نگر کے مہاتما مندر میں بارہویں ہند-جاپان چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ اس مناسبت سے مسٹر آبے کے دورے کے لئے احمد آباد اور گاندھی نگر کو دولہن کی طرح سجایا گیا ہے ۔ پورے شہر کو ہندوستان اور جاپان کے جھنڈوں سے پاٹ دیا گیا ہے ۔ مسٹر آبے آج رات یہاں کے حیات ہوٹل میں قیام کریں گے ، جبکہ مسٹر نریندر مودی گاندھی نگر میں واقع گورنر ہا¶س میں ٹھہریں گے ۔

About the author

Taasir Newspaper