ایک سال میں وزیراعظم سے ملاقات کا وقت نہیںملا:یشونت

نئی دہلی،28 ستمبر (یو این آئی) مودی حکومت اور بی جے پی پر یہ الزام لگاتے ہوئے کہ حکومت اور حکمراں پارٹی اختلاف رائے سننے کی روادار ہی نہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر یشونت سنہا نے آج کہا کہ وہ ایک سال سے وزیراعظم کو ملاقات کا وقت مانگ رہے ہیں لیکن اب تک انہیں اس کا موقع نہیں دیا گیا۔این ڈی ٹی وی نے جب ان سے یہ پوچھا کہ کیا دورن پارٹی ان کے پاس اظہار خیال کا کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں جو کل انہوںنے اپنا خیال ظاہر کرنے کے لئے ایک انگریزی اخبار کا سہارا لیا تو وہ یہ سوال کر بیٹھے کہ”کہاں ہے یہ(پلیٹ فارم)” اپنے مضمون میں انہوں نے حکومت کے معیشت چلانے کے انداز پر نکتہ چینی کی تھی۔ مسٹر سنہا نے کہا کہ ”پارٹی میں ہماری بات کوئی نہیں سنتا۔ میں نے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگا تھا جو ایک سال بعد بھی اب تک نہیں ملا۔ ”انہوںنے بتایا کہ انہوںنے مسٹر مودی سے ملاقات کی یہ درخواست اس وقت کی تھی جب وہ کشمیر جارہے تھے ۔ اسی کے ساتھ انہوںنے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی بات سن لی گئی ہوتی تو آج وادی کشمیر میں حالات اتنے برے نہیں ہوتے ۔ این ڈی ٹی وی سے اپنی آج کی بات چیت میں مسٹر سنہا نے یہ بھی کہا کہ ایسا نہ سمجھا جائے کہ وہ حکومت اور پارٹی پر نکتہ چینی کرکے اپنا کوئی بھڑاس نکال رہے ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ اب بھی بی جے پی میں ہیں۔ مسٹر سنہا نے کہا کہ ”ہاں، تکنیکی اعتبار سے میں ہوں۔ نہ میں نے پارٹی چھوڑی ہے اور نہ ہی پارٹی بدر کیا گیا ہوں۔”اسی کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پچھلے زائد از تین برسوں سے پارٹی میں بس یوں ہی پڑے ہوئے ہیں۔ ان کے پاس کوئی بڑا پارٹی پروگرام نہیں اور نہ ہی پارٹی انہیں مدعو کرتی ہے ۔