بہار میں چل رہی ہے فرضی ٹیچروں کی بحالی ، سمستی پور میں گروہ کا پردہ فاش

Taasir Urdu News | Uploaded on 25-September-2017

سمستی پور ، 25 ستمبر ( نمائندہ ) ضلع میں فرضی واڑے کی بدولت امتحان لے کر وصولی کرنے والے ایک ریکٹ کا اتوار کو پردہ فاش ہوا ہے۔ پولس نے ریکٹ کے ایک ممبر کو گرفتار کیا ہے۔ موقع سے ایک کار بھی پولس نے ضبط کیا ہے۔ وہیں ریکٹ کے کئی ممبران بھاگنے میں کامیاب رہے۔ امتحان پاس کرنے کے بعد ٹیچر کی نوکری پختہ کردینے کی بات کہہ کر ریکٹ کے ممبر امتحان دہندگان سے زبردست مالی فائدہ حاصل کررہے تھے۔ ملی اطلاع کے مطابق مالی پور واقع کرشن دیو ہائی اسکول امتحان مرکز پر اتوار کو سمپرن شکچھا مشن کے بینر تلے سینکڑوں طلبا و طالبات کو ادارے کے کارکنان کے ذریعے روپیہ کی وصولی کر امتحان لیا جارہا تھا۔ انتظام کار کے ذریعے ایک نشست کا امتحان لے لیا گیا تھا۔ دوسری نششت شروع تھی ۔ فرضی واڑے والے امتحان کی اطلاع پر اسکول کی تعلیمی کمیٹی کے ممبر اپنے ساتھ انسانی حقوق عوامی فلاح تحفظ کمیٹی کے ریاستی صدر برجیش مشرا، پنچایت راجیہ کے سابق مکھیا وجے کمار کے ساتھ اسکول احاطہ میں پہنچ کر امتحان کی چھان بین شروع کی۔ چھان بین کی بات سنتے ہی انتظام کاروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ بھگدڑ کو دیکھ امتحان دہندہ بھی ماجرا کو سمجھ گئے ۔ امتحان دہندگان کے ذریعہ اس پر کلاس سے نکل کر جوابی کاپیوں کے ساتھ اسکول کے برآمدے پر فرضی ادارے کے لوگوں کی مخالفت میں نعرہ بازی کیاجانے لگا۔ مقامی لوگوں نے ہنگامہ کی اطلاع چکمہسی پولس کو دے دی۔ گھنٹوں گزر جانے کے باوجود بھی پولس کے امتحان مرکز پر نہیں پہنچنے پر طلبا سمیت گارجین کافی مشتعل ہوکر اعلیٰ افسران کو موبائل پر اس کی اطلاع دی ۔ہائی اسکول میں مالی وصولی کر پہلا امتحان لیا گیا تھا۔ امتحان کے انتظام کاروں کے ذریعہ تین امتحانات میں پاس ہونے پر ٹیچر کے عہدہ پر 5000 سے لے کر 15000 تک کہ تنخواہ پر نوکری کا جھانسہ دیاجارہا تھا۔ اسی درمیان اس بڑے فرضی واڑے کا پردہ فاش ہوگیا۔ ادھر سماجی کارکن مہندر ساہ نے بتایا کہ ضلع کے کئی اسکولوں میں سالوں سے اس قسم کے امتحان کا انعقاد کر بے روزگار نوجوانوں اور لڑکیوں سے لاکھوں روپے کی وصولی کر ٹھگی کی جارہی ہے۔ اس واقعہ سے جہاں لوگ کافی مشتعل ہیں وہیں امتحان دہندگان اپنے کو ٹھگا ہوا محسوس کررہے ہیں۔ ڈی ایس پی تنویر احمد نے بتایا کہ یہ معاملہ پورے طور سے فرضی واڑہ کا لگ رہا ہے۔ ایک ریکٹ کے ذریعہ منصوبہ بند طریقہ سے امتحان لے کر غیر قانونی وصولی کی بات سامنے آرہی ہے۔ پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ اس کے بعد معاملے کو پورا خلاصہ کرلیاجائے گا۔