Taasir Urdu News | Uploaded on 24-sep-2017
کھگڑیا ،24 ستمبر (نمائندہ ) درگا پوجا اور محرم کے تہواروں کے مد نظر ضلع میں نظم ونسق قائم رکھنے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ و ضلع پولس انتظامیہ نے مشترکہ طور پر حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سماجی عناصر اور سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنے والوں پر انتظامیہ کی پینی نظر ہے۔ ساتھ ہی اس دوران سوشل میڈیا پر بھی سخت نگرانی رکھنے کی باتیں کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان کا بیجا استعمال کرنے والوں پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ دسہرہ کے موقع پر نظم و نسق بر قرار رکھنے کے لئے کل 123 مجسٹریٹوں اور 123 پولس افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی دونوں ہی تہواروں کے مد نظر صدر سب ڈویزنل آفیسر و سب ڈویزنل پولس آفیسر اور گوگری سب ڈویزنل آفیسر و پولس آفیسر کو اپنے اپنے علاقوںمیں نظم و نسق کی پوری ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہیں ضلع کے نظم و نسق کے اعلیٰ انچارج کی شکل میں ڈی ڈی سی عبد الوہاب انصاری اور پولس افسر کی شکل میں پولس اسسٹنٹ سپرینٹنڈنٹ امرکانت جھا کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جبکہ ضلع کنٹرول روم کو قائم کر اس کافون نمبر 06244-222384 کو عام گیا ہے۔ ساتھ ہی گوگری سب ڈویزنل کنٹرول روم کا فون نمبر 06245-231381 بھی جاری کیا گیا ہے۔ کھگڑیا کے آفات مینجمنٹ شاخ میں قائم ضلع کنٹرول روم 27 سے 30 ستمبر تک کام کرتے رہنے کی اطلاع دی گئی ہے۔