روہنگیا پناہ گزیں نہیں غیر قانونی مقیم

نئی دہلی۔21ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہاکہ ہندستان میں میانمار سے آئے روہنگیا پناہ گزیں نہیں بلکہ غیرقانونی طورپر ملک میں مقیم ہیں۔مسٹر سنگھ نے قومی انسانی حقوق کمیشن کے ذریعہ منعقدہ ایک کانفرنس میں کہاکہ روہنگیا ہندستان میں غیرقانونی طورپر مقیم ہیں اور انہوں نے پناہ کے لئے درخواست نہیں دی ہے ۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیاکہ جب کہ میانمار انہیں واپس لینے کو تیا ر ہے تو ہندستان میں کچھ لوگ انہیں واپس بھیجنے کی مخالفت کیوں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میانمار سے ہندستان میں گھس آئے روہنگیا لوگ پناہ گزیں نہیں ہیں ، اس حقیقت کو سمجھنا چاہئے ۔ واپس نہیں بھیجنے کا اصول ان پر نافذ ہوتا ہے جنہوں نے ہندستان میں پناہ لی ہو۔ کسی بھی روہنگیا نے اب تک ہندستان میں پناہ کے لئے درخواست نہیں دی ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ انسانی حقوق کا حوالہ دیکر غیرقانونی طریقہ سے رہنے والوں کو پناہ گزیں بتانے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ روہنگیا کو واپس بھیج کرہندستان کسی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں کررہا ہے ۔ ہندستان نے اقوام متحدہ پناہ گزیں معاہدہ 1951پر دستخط نہیں کئے ہیں۔اس سے قبل مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ ملک میں غیرقانونی طریقہ سے مقیم روہنگیا لوگوں کے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ اور پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلقات ہیں اور ان سے قومی سلامتی کو خطر ہ ہے ۔