ریان اسکول کے باہر سرپرستوں کا مظاہرہ، لاٹھی چارج

نئی دہلی / گروگرام، 10 ستمبر (یو این آئی) گروگرام کے ریان انٹرنیشنل اسکول کے اندر دوسری جماعت کے طالب علم پردیمن کا بے رحمانہ قتل کے معاملے پراسکول کے بچوں کے والدین اور مقامی لوگوں نے آج مسلسل دوسرے دن بھی اپنے غصے کا مظاہرہ کیا اور اسکول کے شیشے توڑے اور ارد گرد کے دکانوں میں آگ لگائی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کو لاٹھیاں برسانی پڑیں ، جس میں کچھ میڈیااہلکاربھی زخمی ہوئے ہیں۔سرپرستوں نے اسکول سے باہر مینجمنٹ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ ملزم بتا کر ایک بس کنڈکٹرکو گرفتار کئے جانے اور اسکول کی پرنسپل کو معطل کئے جانے کی کارروائی سے سرپرست مطمئن نہیں ہیں اور اسکول کا لائسنس منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کہیں کوئی بات ایسی ہے جسے اسکول انتظامیہ چھپا رہی ہے جس میں پولیس اور انتظامیہ اس کی حمایت کررہی ہیں۔پردیمن کے والدین کے ساتھ زیادہ تر والدین اس معاملے میں سی بی آئی کی انکوائری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مقتول بچے کی والدہ نے پہلے ہی کہا ہے کہ اس کے بچے نے اسکول کے باتھ روم میں ایسا کچھ دیکھا ہے جسے چھپانے کے لئے اس کا قتل کیا گیا ۔حالانکہ وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ بچے کے قاتل کو بخشا نہیں جائے گا، لیکن والدین کسی بھی بات پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہیں اور اسکول کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔