قدرتی آفات کی وارننگ ماس میسجنگ کے ذریعہ دی جائے: نتیش

پٹنہ 06 ستمبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج سنواد میں بہار اسٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھاریٹی کی دسویں میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ میں کئی نئے منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔ جن کا جائزہ لے کر بہتر تال میل کے ذریعہ اتھاریٹی کو نئے منصوبے یا نیا ایجنڈا تیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ نومبر میں دوبارہ اتھاریٹی کی میٹنگ کرائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ اس منصوبے میں میونسپل کارپوریشن والے ہر شہر کو شامل کرلیا جائے اور پہلے اور دوسرے مرحلے میں کارپوریشن سمیت سبھی بلدیاتی اداروں والے شہروں کو بھی منصوبے میں شامل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بہار کے پرائمری اور ہائی اسکولوں، اسپتالوں اور سبھی میڈیکل کالجوں کے ریٹروفیٹنگ کیلئے اسسمنٹ کابھی حکم دیا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کواس کیلئے بجٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار میں سیلاب کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہر گرام پنچایت میں 5 کشتیاں مہیا کرانے اور کچھ لوگوں کو کشتی چلانے کی تربیت دینے کابھی انتظام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا خرچ ایم ایل اے اور ایم پی فنڈ سے مہیا کرایاجائے۔ اس سلسلے میں محکمہ آفات انتظامیہ سے متعلق محکموں سے صلاح ومشورہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ اور اتھاریٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بہار میں 6کروڑ سے بھی زیادہ لوگ موبائل کا استعمال کررہے ہیں۔ ان تک قدرتی آفات کے معاملے میں بیداری اور بچاﺅ کی جانکاری کیسے پہنچائی جائے اور ماس میسیجنگ اور اشتہار کے توسط سے زیادہ سے زیادہ کیسے تشہیر کی جائے۔ اس کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نے کشتیوں میں لائف جیکٹ مہیا کرانے کا بھی مشورہ دیا۔ آفات انتظامیہ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری پرتے امرت نے سیلاب سے قبل کی تیاریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مئی کے بجائے دسمبر میں ہی اگلے سال سیلاب کی تیاری شروع کردی جائے۔