متھلا کی ترقی کے بغیر بہار کی ترقی ممکن نہیں:نتیش

پٹنہ 09 ستمبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ متھلا کی ترقی کے بغیر بہار کی ترقی ممکن نہیں۔ وزیراعلیٰ آج مدھوبنی ضلع کے ایک گاﺅں میں ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ متھلا کا علم کے شعبے میں اہم کردار رہا ہے۔ متھلا کی زمین کئی عظیم ہستیوں کی جائے پیدائش رہی ہے جنہوں نے اپنی صلاحیت سے متھلا کا نام روشن کیا۔ا نہوں نے کہا کہ 14 ویں صدی ایاچی مشرا کے ذریعہ علم کے شعبے میں ناقابل فراموش کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ کسی سے کچھ نہیں لیتے تھے بلکہ مفت تعلیم دیتے تھے۔ بدلے میں وہ 10 دوسرے لوگوں کو پڑھانے کا وعدہ لیتے تھے جس سے اس وقت تعلیم کے فروغ میں کافی مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اس پر عمل کیا جائے تو سماج میں زبردست تبدیلی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایاچی مشراکے بیٹے شنکر مشرا کا جب جنم ہوا تو دائی کو دینے کیلئے ان کے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بیٹے کی پہلی آمدنی ہم آپ کو دیںگے۔ ایاچی مشر کے بیٹے شنکر مشر کافی بڑے اہل علم تھے۔ پانچ سال کی عمر میں ان کے پاس اتنا علم تھا کہ لوگ ان کی تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے۔ راجا نے شنکر مشرا کو بلاک ان کی عزت افزائی بھی کی تھی اور انہیں انعام بھی دیا تھا۔ تحفہ لے کر جب وہ گھر گئے تو ان کی والدہ نے کہا کہ تمہاری پہلی کمائی پر دائی کا حق ہے اور یہ کہہ کر انعام کی پوری رقم دائی کے حوالے کردی۔ وہ دائی بھی بڑے دل والی تھی اس نے پوری رقم کا استعمال گاﺅں کی بھلائی اور ترقی کیلئے کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ سرزمین سچ مچ کافی قابل قدر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں یہاں آنے اور اس دھرتی کو سلام کرنے کا موقع ملا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ دنوں آئے سیلاب سے بہار کو زبردست نقصان ہوا ہے۔ ریاست کے تقریباََ 38 لاکھ خاندان متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 13 لاکھ خاندان کو آر ٹی جی ایس کے توسط سے 6-6 ہزار روپئے بھیجے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے خزانے سے 2400کروڑ روپئے متاثرہ اضلاع میں بھیجے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے خزانے پر پہلا حق آفات متاثرین کا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہرآدمی کرے۔ ماحولیات سے چھیڑ چاڑ نہ کرے۔ کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے کہ وہ قدرت کوکنٹرول کرسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ کے خطا کے بعد شری ستیہ نارائن اگروال نے وزیراعلیٰ راحت فنڈ میں ایک لاکھ ایک ہزار کا چیک وزیراعلیٰ کو سونپا۔