مرغی اور بکری پروری کیلئے سالانہ ہدف طے کیا جائے:نتیش

پٹنہ 22 ستمبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج سی ایم سکریٹریٹ واقع سنواد میں زرعی روڈ میپ کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں روڈ میپ سے وابستہ مویشی اور ماہی وسائل ،امداد باہمی، توانائی، ماحولیات وجنگلات، محصولات اصلاح اراضی، دیہی امور اور خوراک وصارفین تحفظ کے محکموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے سامنے متعلقہ محکموں کی طرف سے پرزنٹیشن بھی پیش کیا گیا۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ مرغی پروری اور بکری پروری منصوبوںمیں جیویکا، دیہی ترقیات محکمہ کو جوڑا جائے۔ جیویکا کے منیجنگ ڈائرکٹر نے بتایا کہ اس منصوبے سے ابھی تک 1.80 لاکھ خاندانوں کو جوڑا گیا ہے۔ ساتھ ہی 591 اکائی کی تعمیر کے ساتھ دو لاکھ خاندانوں کو جوڑنے کابھی نشانہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بکری پروری کیلئے 8300، درج فہرست ذات اور قبائل کے لوگوںکوجوڑا گیا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مرغی پروری اور بکری پروری کیلئے سالانہ نشانہ طے کیا جائے۔مرغی اور بکری پروری کیلئے مالی وسائل کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام زرعی یونیورسٹی کشن گنج میں مویشی ،سائنس اور ماہی فروغ کے منصوبوں پر خاص دھیان دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جانوروں کے میڈیکل کالج میں جانوروں کے انڈور علاج کا نظم کیا جائے۔ مچھلی کی پیداوار کے نشانے کوبھی بڑھانے کا وزیراعلیٰ نے حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔ محکمہ محصولات واصلاح اراضی کو ہدایت دی گئی کہ سروے سیٹلمنٹ کاکام جلد پورا کیا جائے۔ پرنسپل سکریٹری نے آئندہ تین سال میں سروے سیٹلمنٹ پورا کرنے کا یقین دلایا۔