منی لانڈرنگ معاملے میں شبیر شاہ کے خلاف چارج شیٹ

نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لئے مالی امداد فراہم کرنے سے متعلق ایک معاملے میں جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند لیڈر شبیر شاہ اور ایک مشتبہ حوالہ کاروباری کے خلاف آج دہلی کی ایک عدالت میں چارج شیٹ داخل کیا۔دو ہزار پانچ کے اس معاملے میں چارج شیٹ ایڈیشنل سیشن جج سدھارتھ شرما کی عدالت میں داخل کیا گیا۔ شاہ اور وانی اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں ۔ شاہ کو 25 جولائی کو سری نگر سے گرفتار کرنے کے بعد دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اگست میں ای ڈی کی اس دلیل کے بعد کہ شاہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے چوری چھپے پیسے مہیا کرارہا ہے ، عدالت نے شاہ کو ای ڈی کی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا تھا۔عدالت میں دائر چارج شیٹ میں ای ڈی نے کہا ہے کہ شاہ نے قبول کیا ہے کہ کشمیر مسئلے پر وہ لشکر طیبہ کے سرغنہ حافظ سعید سے فون پر بات کرتا رہا ہے او رحال ہی میں جنوری میں اس نے حافظ سے پھر بات کی تھی ای ڈی نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر اور ہندوستان کے دیگر حصوں میں دہشت گردانہ سرگرمیاں منظم کرنے کے لئے شاہ پاکستان سے چوری چھپے پیسے منگاتا ہے ۔ای ڈی نے چارج شیٹ میں حوالہ کاروباری محمد اسلم وانی پر سنگین الزامات لگائے ہیں اور کہا ہے کہ وانی پاکستانی حوالہ کاروباری شفیع سے حوالہ کے ذریعہ پیسے لیتا تھا او راسے شاہ کو بھیجتا رہا ہے ۔ اور یہ بات خود وانی نے قبول کی ہے ۔ وانی کو دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے 26 اگست کو 63 لاکھ روپے کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔