میکسیکو میں شدید زلزلہ،250 ہلاک

میکسیکو سٹی، 20 ستمبر (رائٹر) میکسیکومیں گزشتہ دیر رات زلزلے کے زبردست جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ریختر پیمانے پر 7.1 کے شدت والے تباہ کن زلزلہ میں کم از کم 250 افراد ہلاک اور درجنوں عمارتیں منہدم ہوگیئں۔ اس زلزلے کی وجہ سے میکسیکو سٹی، مورلیوس اور پیوبلا صوبوں میں زبردست تباہی مچی ہے ۔میکسیکو کے صدر اینرک پینا نیٹو نے بتایا کہ کوآپا کے نزدیک ایک اسکول میں 20 سے زائد بچے اور دیگر دو افراد کی ملبے میں دب کر موت ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ تیس بچے اور بارہ افراد لاپتہ ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچا¶ کارکنان کو بھیج دیا گیا ہے اور ملبے سے کئی زندہ لوگوں کو باہر نکالا گیا ہے ۔ میکسیکو سٹی کے میئر نے بتایا کہ اس زلزلہ کی وجہ سے شہر میں 44 مکانات کو زبردست نقصان پہنچا ہے جن میں ایک پرائمری اسکول بھی شامل ہے ۔واضح رہے اس واقعہ سے دو ہفتے قبل بھی میکسیکو میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس میں 98 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور املاک کا بھی زبردست نقصان ہوا تھا۔ وزیر داخلہ میگوئیل اینجل اوسوریو چونگ نے مقامی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ریسکیو کارکنان ملبے میں زندہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ”ہمیں ایسی اطلاع ملی ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی عمارتوں میں پھنسے ہوئے ہیں اورباہر نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگرمزید راحتی کارکنوں کی ضرورت پڑی تو ہم اس مہم پر اور بھی راحتی کارکنوں کو لگائیں گے ۔امریکی جیوولوجی سروے نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز میکسیکو سٹی سے 120 کلومیٹر دور پیوبلا صوبہ کے اٹینسیگو کے قریب تھا ہے اور یہ 51 کلو میٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مورلس ریاست میں 55، پوبلا ریاست میں 29 افراد کے مارے جانے کی خبر ہے ۔اس کے علاوہ جنوبی میکسیکو شہر میں65 اور میکسیکو سٹی میں 117 کی موت ہوئی ہے ۔ میکسیکو سٹی میں اسکول، دفاتر اور بازاروں کو بند کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے اس تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میکسیکو کو کسی قسم کی بھی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔سینکڑوں راحتی کارکنان ابھی بھی راحتی اور بچا¶ کام میں مصروف ہیں۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے میکسیکو میں تباہ کن زلزلے کے باعث 226 افراد کی موت اوربڑے پیمانے پر املاک کی تباہی پراظہار غم کرتے ہوئے آج کہا کہ اقوام متحدہ اس کی مدد کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔مسٹر گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن ڈورجارک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “یہ شدید زلزلہ ملک میں دو ہفتے قبل آئے زلزلے کے بعد آ یا ہے ، جس کی وجہ سے پہلے ہی جان ومال کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتھا۔”جنرل سکریٹری نے میکسیکو کے لوگوں اور وہاں کی حکومت کے تئیں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یابہونے کی دعاکی ہے ۔انہوں نے زلزلے کے بعد متاثرین کو فوری مدد بہم پہنچانے کے لئے حکومت اور مقامی لوگوں و سول سوسائیٹی کی ستائش کی ہے ۔ امریکہ نے تباہ کن زلزلے سے متاثر اپنے ہمسایہ ملک میکسیکو کی جانب مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیتھر نوارٹ نے کہا ”ہم زلزلہ متاثرین کے تیئں ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعاکرتے ہیں۔ہمارا جذبہ احساس اور دعائیں میکسیکو کے عوام کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ امداد فراہم کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور جیسے ہی میکسیکو مدد مانگے گا اسے فوری طور پر امداد فراہم کی جائے گی۔دریں اثنا، میکسیکو سٹی میں واقع امریکی سفارت خانے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہاں مقیم اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر وہ کسی طرح سے زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں تو وہ سفارت خانے سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔