ٹی ای ٹی میں محض 17 فیصد امیدوار کامیاب

پٹنہ 21 ستمبر (اوم پرکاش سنگھ): بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے بہار پرائمری ٹیچر (ٹرینڈ) اہلیت ٹسٹ 2017 کا ریزلٹ جاری کردیا ہے۔ کلاس 6 سے 8 کیلئے ہونے والے امتحان میں محض 17.84 فیصد امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ جبکہ کلاس 1 سے 5 کیلئے ہوئے امتحان میں 49 ہزار میں سے محض 7 ہزار امیدوار ہی کامیاب ہوئے ہیں اور ان کی کامیابی کا تناسب محض 16.07 فیصد ہے۔ بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے آج شام ریزلٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریزلٹ کا تناسب اچھا نہیں رہا ہے۔محکمہ تعلیم نے دو دن قبل ہی ریزلٹ جاری کرنے کی ہدایت دے دی تھی۔ جس میں کہا گیا تھا کہ امتحان کیلئے شائع کئے گئے اشتہار میں جو ٹرم کنڈیشن دیئے گئے تھے اسی کی بنیاد پر ریزلٹ دیا جائے۔ ریاست میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی طرح ٹی ای ٹی کے نتائج بھی کافی مایوس کن رہے ہیں۔جس سے امیدواروں میں کافی اشتعال دیکھا جارہا ہے۔ عجب نہیں کہ ناکام امیدوارکل سے ایک بار پھرسڑکوں پر اترنے کیلئے مجبور ہوجائیں۔اس امتحان میں 11351 امیدواروں کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔ کلاس 6 سے 8 تک کے امتحان میں 119164 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ ان میں سے صرف 30 ہزار 113 امیدوار ہی کامیاب ہوسکے ہیں۔ کامیابی کیلئے جنرل امیدواروں کا کٹ آف 60 فیصد رہا جبکہ ایس سی ایس ٹی کا کٹ آف 50 فیصد تھا۔ بی سی 1 اور بی سی 2 کیلئے کٹ آف 55 رکھا گیا تھا۔ ٹی ای ٹی امتحان گذشتہ 23 جولائی کو ہوا تھا۔ جس میں 2لاکھ 43 ہزار سے زیادہ امیدوار شریک ہوئے تھے۔