پارٹی میں ٹوٹ کی بات پر میری شبیہ خراب کی جارہی ہے : اشوک چودھری

Taasir Urdu News | Uploaded on 07-sep-2017

پٹنہ ، 07ستمبر ( نمائندہ ) عظیم اتحاد ٹوٹنے کے بعد سے ہی بہار کانگریس میں ٹوٹ کی خبر سرخیوں میں ہے۔ دہلی میں پارٹی اعلیٰ کمان ایک کے بعد ایک میٹنگ کررہا ہے۔ بہار کے کانگریسی ایم ایل اے کو طلب کیا جارہا ہے۔ کانگریس صدر سونیاگاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی ڈیمیج کنٹرول میں لگے ہیں ۔اس درمیان راجدھانی پٹنہ میں کانگریس کے بہار ریاستی صدر اشوک چودھری نے ایک چونکانے والا خلاصہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اندر کے لوگ ہی اسے توڑنے کی کوشش میں لگے ہیں ۔ اشوک چودھری بولتے بولتے جذباتی ہوگئے ۔ درا صل آج جمعرات کو پٹنہ میں بہار کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چودھری نے میڈیا سے بات چیت میں اپنے دل کی بھڑاس نکال دی ہے۔ انہوں نے صاف طور پر کہہ دیا ہے کہ جس پارٹی کے لئے میں نے اپنے زندگی کے 25 سال لگادیئے اب اسی سے مجھے سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پارٹی میں ٹوٹ کی بات پر میری شبیہ کو خراب کیاجارہا ہے۔ بہار کانگریس نے ایم ایل اے حضرات کی ناراضگی والے سوال پر اشوک چودھری نے کہا کہ اس کا ثبوت کیا ہے۔ میڈیا میں ہی یہ سب خبریں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کے بکھرنے کے بعد پارٹی کے لوگ چاہتے تھے کہ حالات سے نپٹنے کے لئے پارٹی اعلیٰ کمان کے لوگ پٹنہ آئیں حالات کو سمجھیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اس بات سے کچھ لوگ تھوڑا ناراض ہوسکتے ہیں۔ سب سے بڑی بات جسے کہتے کہتے اشوک چودھری رو پڑے وہ یہ تھی کہ جس پارٹی کے لئے میں نے اپنی زندگی لگادی اسی پارٹی میں کچھ لوگ میری شبیہ کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ کچھ بھی ہوتا ہے تو بس ذمہ داری اشوک چودھری کی ہی ہوتی ہے۔ پارٹی اعلیٰ کمان میں بھی کچھ ایسے لوگ ہیں جو میرے ساتھ سازش کررہے ہیں ۔انہوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ اگر اشوک چوھری کے ہٹ جانے سے سب ٹھیک ہوتا ہے تو انہیں اس فیصلے سے انکار نہیں ہوگا ۔کانگریس کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کو جیت ملنے کے بعد کانگریس نے نتیش کمار کو ہی سی ایم کے عہدہ کے لئے پرموٹ کیا۔ اب نتیش کمار بی جے پی میں چلے گئے تو اس میں کانگریس کا کیا قصور ۔ ویسے اگر ایوریج نکالا جائے تو قانون ساز اسمبلی انتخابا ت کے دوران کانگریس نے آر جے ڈی اور جد یو سے اچھا مظاہرہ کیا تھا۔ کانگریس نے 41 میں 27جیت حاصل کی تھی ۔