کانگریس کا نقطہ نظر تسلیم کرنے کےلئے سشما کا شکریہ:راہل

نئی دہلی، 24 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے ان کی پارٹی کے شاندار نقطہ نظر اور وراثت کو کھلے دل سے تسلیم کرنے کے لئے وزیر خارجہ سشما سوراج کا شکریہ ادا کیا ہے ۔مسٹر گاندھی نے آج ٹوئٹ کرکے کہا ، ”آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم کے قیام کے سلسلے میں مکمل طور پر کانگریس حکومتوں کے عظیم خیالات اور وراثت کو کھلے دل سے قبول کرنے کے لئے سشما جی کا شکریہ”۔کانگریس کے مواصلات ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سرجے والا نے اقوام متحدہ کے فورم پر ہندوستان اور پاکستان کے بارے میں کڑوی حقیقت بتانے کے لئے محترمہ سوراج کی تعریف کی۔کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ان تمام لوگوں کو ایک سخت جواب دیا ہے جو یہ پوچھتے ہیں کہ گزشتہ سال 70 برسوں میں ملک میں کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تقریر میں محترمہ سوراج نے یہ بات تسلیم کی ہے کہ کانگریس حکومت کے دوران ہندوستان نے بہترین ترقی کی ہے ۔ کانگریس حکومتوں نے بھی ہمہ جہت ترقی کو ہندوستان کا ایک فارمولا بتایا۔غور طلب ہے کہ محترمہ سوراج نے کل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کہا تھا کہ آزادی کے بعد ہندوستان نے جہاں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ایمس جیسے ادارے بنائیں، ڈاکٹر اور سائنس داں تیار کئے ہیں ، وہیں پاکستان نے صرف دہشت گردی پر توجہ مرکوز کی اور دہشت گرد پیدا کئے ۔