ترقی میں تعلیم کا اہم کردار،اساتذہ اپنی ذمہ داری سمجھیں:نتیش

پٹنہ 05 ستمبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ترقی میں تعلیم کا اہم کردار ہے۔جب تک تعلیم کو فروغ حاصل نہیں ہوگا ،ترقی کاکوئی مطلب نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ آج یوم اساتذہ کے موقع پر محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام منعقد ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیم کو اسی لئے ترجیحی زمرے میں رکھا ہے اور ریاستی بجٹ کا 20 فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پہلی بار میں وزیراعلیٰ بنا تو ہم نے دیکھا کہ 12.5 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح اس وقت یہ تھی کہ جو بچے اسکول سے باہر ہیں انہیں اسکول تک پہنچایا جائے۔ ہم نے اس پر کام کیا۔20 ہزار سے زیادہ پرائمری اسکول کھولے گئے،پرائمری اسکولوں کو مڈل اسکولوں میںاپ گریڈ کیا گیا اور مڈل اسکولوں کو ہائی اسکول میں اپ گریڈ کیا گیا۔ اسکولوں کی نئی عمارت بھی بنی۔ نئے کلاس روم بھی بنائے گئے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج صرف ایک فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں۔ اب ہماری سب سے بڑی ذمہ داری تعلیم کے معیار میں سدھار لاناہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول جانا بھی اپنے آپ میں ایک تعلیم ہے۔ اس سے تعلیم کا احساس بچوں میں ہونے لگا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے پانچویں درجے کے بعد لڑکیاں آگے نہیں پڑھ پاتی تھیں۔ ہم نے پوشاک منصوبے کا آغاز کیا،جوتے اور بیٹ کیلئے بھی پیسے دیئے گئے۔ اس کے بعد سائیکل کا بھی انتظام کیا گیا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اب لڑکیاں کافی تعداد میں اسکول اور اس کے بعد کالج کی تعلیم بھی حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ٹھیک سے پڑھائیں اور یہ نہ سمجھیں کہ وہ نوکری کررہے ہیں،بلکہ یہ سمجھیں کہ وہ نئی نسل کو بنا اور سنوار رہے ہیں۔ بہتر معاشرے کی تشکیل بھی ان کی بڑی ذمہ داری ہے۔