صحافی گوری لنکیش کے قتل کے خلاف ملک گیر احتجاج

نئی دہلی، 6 ستمبر (یو این آئی) ملک بھر کی مختلف صحافی تنظیموں، سماجی تنظیموں، سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں، معروف دانشوروں اور مصنفین نے صحافی گوری لنکیش کے قتل کی ایک آواز میں سخت مذمت کی ہے اور قصورواروں کو فوراً گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر اتل کمار انجان اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے گوری کے قتل کو اظہار رائے کی آزادی کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کیلئے فرقہ پرست طاقتوں کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قصورواروں کا پتہ لگا کر انہیں سخت سزا دی جانی چاہئے ۔ان کے علاوہ مختلف خواتین اور سماجی تنظیموں اور پریس کلبوں نے بیان جاری کرکے اور دھرنا مظاہرہ کرکے اس واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ راجدھانی کے علاوہ بنگلورو، لکھن¶، چنڈی گڑھ، ممبئی، بھوپال، جے پور وغیرہ شہروں میں نامہ نگاروں نے احتجاجی اجلاس کا انعقاد کیا اور گوری کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا اور مذمتی قرارداد پاس کئے ۔دہلی میں پریس کلب آف انڈیا، دہلی یونین آف جرنلسٹ (ڈی یو جے )، پریس ایسوسی ایشن، انڈین ویمن پریس کور اور آل انڈیا نیوز پیپر ایڈیٹرس کانفرنس، جن وادی لیکھک سنگھ، پرگتی شیل لیکھک سنگھ، اکھل بھارتیہ جن وادی مہیلا سنگھ اور سماجی تنظیم انہد کے علاوہ معروف تاریخ داں رومیلا تھاپر، معروف مصنف اشوک واجپئی، انگریزی مصنفہ ششی دیش پانڈے ، نَیَن تارا سہگل، کیکی دارو والا، امبیڈکر یونیورسٹی کے وائس چانسلر شیام وی مینن، ساہتیہ اکادمی کے سابق سکریٹری کے سچیدانند، مشہور وکیل اندرا جے سنگھ، پلاننگ کمیشن کی سابق رکن سیدہ حمید، مشہور صحافی اور ای پی ڈبلو رسالہ کے سابق ایڈیٹر پرنجے گوہا ٹھاکرتا، ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتہ منگلیش ڈبرال، سینئر صحافی ماننی چٹرجی اور سیما مصطفی نے بھی اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے ۔پریس کلب میں صبح 11 بجے ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس کے بعد دوپہر تین بجے ایک دوسری میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں بزرگ صحافی ایچ کے دوا، مرنال پانڈے ، ٹی وی صحافی برکھا دت، رویش کمار، سدھارتھ ورداراجن، انڈین ویمن پریس کور کی چیئرمین شوبھنا جین، پریس ایسوسی ایشن کے چیئرمین جے شنکر گپت اور پریس کلب آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ونے کمار سمیت کئی معروف صحافی موجود تھے ۔ انہوں نے ایک زبان میں گوری کے قتل کی مذمت کی اور اس سلسلے میں مذمتی قرارداد پاس کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں ٹی وی اور پرنٹ میڈیا کے صحافی موجود تھے ۔راجدھانی میں انڈیا گیٹ پر بھی اس واقعہ کے خلاف کینڈل مارچ نکالا گیا، جس میں سول سوسائٹی کے لوگوں نے حصہ لیا۔ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے گوری کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کی سخت مذمت کی ہے ۔کل شام سے ہی ٹویٹر اور فیس بک پر لوگ اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔