یوگی ،کیشو اور دنیش قانون ساز کونسل کیلئے بلامقابلہ منتخب

لکھن¶، 8 ستمبر (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما نیز ریاستی وزیر سوتنتر دیو سنگھ کو قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب میں آج بلامقابلہ منتخب اعلان کیا گیا۔ قانون ساز کونسل کی ایک سیٹ کے لیے نامزدگی کی آج آخری تاریخ ہے جبکہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 11 ستمبر ہے ۔ وزیر محسن رضا کو اس سیٹ سے نامزد کیا گیا ہے ۔ اب تک اس نشست سے کسی دوسری پارٹی کے لیڈر نے نامزدگی داخل نہیں کی ہے ۔ ان کے انتخاب کا اعلان 11 ستمبر کو کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کونسل کی پانچ سیٹوں پر ضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ چار سیٹوں کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ پانچ ستمبر جبکہ ایک نشست کے لیے آج نامزدگی کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ چار سیٹوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممبران اسمبلی کی تعداد ضروری ووٹوں سے کافی زیادہ ہے ، اس لئے کسی دوسری پارٹی کے لیڈروں نے کاغذات نامزد گی داخل نہیں کیے ۔ اسمبلی کے چیف سکریٹری اور الیکشن کے پریزائڈنگ آفیسر پردیپ دوبے نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ، نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما اور وزیر سوتنتر دیو سنگھ کو ریاستی قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب میں بلامقابلہ منتخب قرار دیا۔ وزیر اعلی، ان کے دونوں نائبین اور دونوں وزراءکو آئندہ 19 ستمبر سے پہلے اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں سے کسی ایک کا رکن بننا ضروری ہے ۔ قانون ساز کونسل کی یہ چار نشستیں سماجوادی پارٹی کے بقل نواب، یشونت سنگھ، سروجنی اگروال اور ڈاکٹر اشوک باجپئی اور ایک نشست بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ٹھاکر جے ویر سنگھ کے استعفی سے خالی ہوئی تھی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے یشونت سنگھ کی خالی نشست پر جبکہ نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما نے اشوک باجپئی کی سیٹ پر، نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے بقل نواب کی سیٹ پر ، نیز سوتنتر دیو سنگھ نے ڈاکٹر سروجنی اگروال کی سیٹ پر اور محسن رضا نے ٹھاکر جے ویر سنگھ کی خالی سیٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے ۔مسٹر ڈوبے نے بتایا کہ اس الیکشن میں اسمبلی کے ارکان ووٹر ہیں۔ اسمبلی میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے 325 ارکان ہیں۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور اور نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ پھول پور لوک سبھا سیٹ سے ایم پی بھی ہیں۔ قانون ساز کونسل میں منتخب ہونے کے بعد اب دونوں لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دیں گے ۔