برسوں بعد دہلی یونیورسٹی میں این ایس یو آئی کی واپسی

نئی دہلی، 13 ستمبر (یواین آئی) دہلی یونیورسٹی طلبایونین (ڈی یو ایس یو) کے انتخابات میں کئی برسوں کے بعد کانگریس کی طلبا تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا(این ایس یو آئی) نے صدر اور نائب صدر کے عہدوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی طلبا شاخ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ این ایس یو آئی کے راکی تشید نے صدر کے عہدے کے لئے اے بی وی پی کے رجت چودھری کو 1590 ووٹوں سے شکست دی۔ این ایس یو آئی کو صدر کے عہدے کے لئے 16299 ووٹ ملے جبکہ اے بی وی پی کو 14709 ووٹ ملے ۔ طلبا نے نوٹا کا بھی جم کر استعمال کیا۔ صدارتی عہدے کے لئے ہوئی ووٹنگ میں 5162 ووٹ نوٹا پر پڑے ۔ نائب صدر کے عہدے پر این ایس یوآئی کے کنال شہراوت کو 16431 ووٹ ملے جبکہ اے بی وی پی کے پارتھ رانا کو 16256 اورنوٹا پر 7684 ووٹ پڑے ۔ سکریٹری عہدے پر اے بی وی پی کے مھامیگھاناگر کو 17156 ووٹ ملے ہیں جبکہ این ایس یو آئی کی میناکشی مینا کو 14352 اور نوٹا کے حق میں 7891 ووٹ پڑے ہیں۔ اس کے علاوہ جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر اے بی وی پی کے اوما شنکر کو 16691، این ایس یو آئی کے اویناش یادو کو 16349 ووٹ ملے ہیں۔ طلبا یونین کے لئے کل انتخاب ہوا تھا۔ الیکشن میں 1.32 لاکھ طلبا میں سے کل 42.8 فیصد طلبانے ووٹ اپنا ووٹ ڈالے تھے ۔ووٹوں کی گنتی کنگسوے کیمپ کے قریب کمیونٹی سنٹر میں ہوئی ۔ گزشتہ سال اے بی وی پی نے چار میں سے تین عہدوں پر جیت حاصل کی تھی ۔ 2015 کے انتخابات میں اے بی وی پی کو چاروں عہدوں پر جیت حاصل ہوئی تھی۔