سی بی ایس ای کے اسکول اب نہیں اینٹھ پائیں گے پیسے ،گارجینوں کو ملے گی بڑی راحت

Taasir Urdu News | Uploaded on 13-sep-2017

پٹنہ ، 13 ستمبر ( نمائند ہ )مرکزی سکنڈری ایجوکیشن بورڈ نے اپنے سابقہ سرکلرنے ترمیم کرتے ہوئے اسکول احاطہ میں کتابوں کے فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ اسکولوں میں این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے لیا گیا ہے۔ سی بی ایس ای کے نائب سکریٹری کے -شری نیواسن کی طرف سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے اندر کتاب کی دکان کھولی جاسکتی ہے۔ جہاں کتابیں منگانے کی آن لائن سہولت بھی ہوگی ۔اس میں اسٹیشنر ی ( ربر ، پنسل وغیرہ ) کا سامان بھی رکھ سکتے ہیں۔ اسکول کے تعلیمی سیشن 2018-19 کے لئے این سی ای آر ٹی کتاب سے متعلق لنک پر رجسٹریشن کرائیں اور کتابوں کے بارے میں اپنی مانگ رکھیں۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ فروغ انسانی وسائل وزارت میں سی بی ایس ای سے ملحق سبھی اسکولوں کو این سی آر ٹی کی نصابی کتابوں کا استعمال یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ سی بی ایس ای کے اس فیصلے کا پرائیویٹ اسکولوںنے استقبال کیا ہے۔ اس معاملے پر سی بی ایس ای کے علاقائی افسر لکھن لال مینا نے کہا کہ اسکول کی دکانوں میں صرف اسٹیشنر ی اشیاءاور این سی ای آر ٹی کتابوں کے فروخت کرنے کا ہی اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پبلیشروں کی کتابیں اسکول کے احاطہ میں فروخت نہیں کی جاسکتی ۔ اسکولوں کو اصل قیمت پر کتابیں فروخت کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ والدین اور طلبا کے لئے آرامدہ ہوگا کہ وہ کتابوں کی دکانوں کے بجائے اصل قیمتوں پر متعلقہ اسکولوں سے سبھی کتابیں خرید سکیں۔ غور طلب ہے کہ اس سے پہلے سی بی ایس ای نے اسکول احاطہ میں کسی بھی قسم کی تاجرانہ سرگرمی پر روک لگادی تھی۔ جس کی کئی اسکولوں نے مخالفت کیا تھا۔