آر ایس ایس ، وشو ہندو پریشد آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں:ممتا

کلکتہ،15ستمبر(یواین آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج آر ایس ایس ، وشو ہندو پریشدسے کہا ہے کہ وہ بنگال میں فرقہ پرستی پھیلا کر آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ درگا پوجاکے موقع پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ درگا پوجا کے ‘دشمی ‘یا پھر’ شاشتر پوجا ‘کے موقع پر زعفرانی پارٹی کے ذریعہ ہتھیاروں کی نمائش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اس کے ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنایا جائے گا ہتھیاروں کی نمائش کے نام پر ماحول کو خراب نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس سرجیت کار کائستھ موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایت وشو ہندو پریشد کے ذریعہ وجے دشمی کے موقع پر شاشتر پوجا کے انعقاد کرنے کے اعلان کے بعد دی ہے ۔وشو ہندو پریشد نے اعلان کیا تھا کہ درگا پوجا کے موقع پر مغربی بنگال میں وجے دشمی کا انعقاد کیا جائے گا ۔اس موقع پر ملک کی دوسری ریاستوں سے بھی ہتھیار وں کے ساتھ شریک ہوں گے ۔اس کے علاوہ ریاست بھر کے مختلف علاقوں میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔وی ایچ پی لیڈر نے کہا کہ قوانین کے نفاذ میں تعصب کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا تا کہ وجے دشمی کے موقع پر 30ستمبر سے یکم اکتوبر کو محرم کے پیش نظر 6بجے شام کے بعد مورتی بھسان نہیں ہوگی ۔اس کے بعد لکشمی پوجا کے بعد مورتی بھسان ہوگی۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی اس ہدایت کے پر بی جے پی نے سخت رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ایک خاص فریق کیلئے کام کررہے ہیں ۔