حاجی پور میں ملی ناگا لینڈ پولس جوان کی لاش

Taasir Urdu News | Uploaded on 18-sep-2017

حاجی پور ،18 ، ستمبر ( نمائندہ ) حاجی پور سے خبر ملی ہے کہ حاجی پور مظفر پور فور لین سڑک کنارے ایک ناگا لینڈ پولس کے نوجوان کی لاش ملی ہے۔ ناگالینڈ پولس جوان کی لاش حاجی پور میں ملنے سے ویشالی پولس سکتے میں ہے ۔ فی الحال موت کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ فور لین سڑک کنارے بھگوان پور تھانہ علاقہ سے ناگالینڈ پولس کی لاش کو لاوارث حالت میں برآمد کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق ویشالی پولس کو لاش کی اطلاع ملی تھی ، اس کے بعد بھگوان پور تھانہ پولس کی ٹیم لاش کو لے کر حاجی پور صدر اسپتال پوسٹ مارٹم کے لئے لے کر آئی ۔ذرائع کے حوالے سے خبر ہے کہ ناگالینڈ پولس بٹالین ناگالینڈدہلی کی طرف ٹرین کے اسپشل باگی سے جارہے تھے۔ ٹرین ویشالی کے بھگوان پور ریلوے اسٹیشن پر رکی ۔اسی دوران جوان ٹرین سے نیچے اتر گیا ۔ پولس یونٹ کو اس بارے میں پتہ نہیں چل سکا کہ کوئی جوان نیچے اترا ہے اسی کے بعد اس کی لاش حاجی پور – مظفر پور فور لین سڑک کے کنارے پر پائی گئی ۔ ناگالینڈ پولس بٹالین کو جوان کے غائب ہونے کا پتہ اس وقت چلا جب ٹرین چھپرہ اسٹیشن پر رکی ۔ چھپرہ اسٹیشن پر روٹین کے مطابق جوانوں کی گنتی شروع کی گئی تو گنتی کے دوران جوان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ۔ اس واقع کی اطلاع فوراََ ویشالی پولس کو دی گئی۔ جب جوان کی تلاش شروع ہوئی تو اس کی ڈیڈ باڈی ملی ۔فی الحال اس معاملے میں ویشالی پولس نے مہلوک کی وارثین کو خبر دے دی ہے۔ معاملے کی جانچ فی الحال جاری ہے ۔