ٹرک سے کچل کر اسکوٹی سوار خاتون کی موت

Taasir Urdu News | Uploaded on 18-sep-2017

پٹنہ ،18 ، ستمبر ( نمائندہ ) راجدھانی کے بائی پاس تھانہ علاقے میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ اسکوٹی اور ٹرک میں ٹکر ہوگئی ہے۔ اس دردناک حادثہ میں اسکوٹی سوار خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔اطلاع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک رونگ سائیڈ سے آرہا تھا۔ واضح ہو کہ پٹنہ سٹی کے بائی پاس تھانہ علاقہ کے پیجابا کے پاس غلط سمت سے آرہے ٹرک نے اسکوٹی سوار خاتون کو ٹھوکر مار دیا۔ چشم دید لوگوں نے بتایا کہ خاتون پورب کی طرف سے پٹنہ کی طرف جارہی تھی ۔ غلط سمت سے آرہے ایک ٹرک نے اسے ٹھوکر ماردیاجس سے وہ ٹرک کے نیچے آگئی ۔ٹرک اس خاتون کو 20 میٹر تک گھسیٹتے ہوئے سڑک کے نیچے کی طرف ڈھلک گیا وہیں موقع پر موجود مقامی لوگوں نے ٹرک ڈرائیور اور خلاصی کو پکڑنے کی کوشش کی ، پر وہ دونوں بھیڑ کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگئے ۔ جائے وقوع پر بائی پاس تھانہ کی پولس پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کے لئے این ایم سی ایچ بھیج دیا۔ بائی پاس تھانہ انچارج دھرمیندر پرساد نے بتایا کہ ٹرک کو پولس نے ضبط کرلیا ہے ۔خاتون کی پہچان کرلی گئی ہے ۔وہ چوک تھانہ علاقہ کے نئی سڑک ایس بی آئی کے بغلکی گلی میں ’ہم ‘ پارٹی کے لیٹر پرکاش مالا کار کے مکان میں کرائے پر رہتی ہے۔ خاتون جیون شرما کی 24 سالہ بیٹی شیوانگی کمار ی ہے۔ جو اپنے آفس پٹنہ جارہی تھی۔ اس دوران غلط سمت سے آرہے ٹرک نے اسے دھکا ماردیا اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔ شیوانگی کماری کی ماں نیتو شرما نے بتایا کہ شیوانگی روز کی طرح آج بھی اپنے آفس کے لئے پٹنہ نکلی تھی ۔ جبکہ اس کی ماں نے منع کیا تھا کہ بائی پاس سے نہ جائے ۔شیوانگی کے والد جیون شرما بائی پاس میں نجی کمپنی میں کام کرتے ہیں ۔