سونیا نے مودی کولکھا خط،خواتین ریزرویشن بل جلد منظور کرانے کا مطالبہ

نئی دہلی۔21ستمبر (یو این آئی) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خواتین کے لئے 33فیصد ریزرویشن یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ میں جلد از جلد بل منظور کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔وزیراعظم کو کل لکھے ایک خط میں کانگریس صدر نے کہاکہ آپ کو یاد ہوگا کہ راجیہ سبھا میں خواتین کو 33فیصد ریزرویشن کا بل 9نومارچ2010کو ہی پاس ہوگیا تھا لیکن اس کے بعد سے یہ لوک سبھا میں کسی نہ کسی وجہ سے زیرالتوا ہے ۔خط میں محترمہ گاندھی نے لکھا کہ میری آپ سے گزارش ہے کہ لوک سبھا میں آپ کی پارٹی کو اکثریت حاصل ہے اور آپ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بل کو جلد منظور کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ کانگریس اس بل کو پاس کرانے میں مکمل تعاون کرے گی۔ یہ بل خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہوگا۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اپنے خط میں کہا کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کو ریزرویشن دینے کے لئے پرعزم ہے ۔ خواتین ریزرویشن کی پہل سب سے پہلے کانگریس نے ہی کی تھی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھنی نے پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کو ریزریوشن دینے کا انتظام کرتے ہوئے آئین ترمیم بل لائے تھے جسے 1989میں اپوزیشن جماعتوں نے راجیہ سبھا میں روک دیا تھا لیکن 1993میں دونوں ایوانوں نے متعلقہ بلوں کو منظور کردیا اور 73ویں اور 74ویں آئینی ترمیم ہوئی۔خواتین کانگریس کی سابق صدر شوبھا اوجھا نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ کانگریس کی اس پہلی کی وجہ سے ملک میں خواتین کو مقامی بلدیاتی اداروں میں ریزرویشن مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے عزم کی وجہ سے ہی ہندستان دنیا کاواحد ملک ہے جہاں مقامی بلدیاتی اداروں میں خواتین کو 50فیصد ریزرویشن مل رہا ہے