پی ایم مودی سزا بھگتنے کیلئے تیار رہیں:لالو

پٹنہ 22 ستمبر (تاثیر بیورو): آرجے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ مودی نے لوک سبھا انتخاب کے وقت عوام سے جو وعدے کئے تھے اسے پورا کریں۔ انہوںنے یاد دلایا کہ مودی نے کہا تھا کہ اگر ملک کی حالت سدھارنے میں ناکام رہے تو عوام مجھے بیچ چوراہے پرپھانسی دے دیں۔ اب تو تین سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا ، ملک میں بدعنوانی، بے روزگاری اور غریبی کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ اب اگلے انتخاب میں پی ایم مودی کو تیار رہنا چاہئے کہ عوام انہیں چوراہے پر پھانسی دے دیں۔ لالو یادو نے چارہ گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی کورٹ میں پیشی کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی صرف ملک کو بانٹنے کاکام چل رہا ہے۔ لوگوںکو ڈراکر سیاست کی جارہی ہے۔ صحافیوں کو بھی ڈرایا جارہا ہے۔ ان میں یہ خوف پیدا ہوگیا ہے کہ اگر پول کھولیںگے تو مارے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح امریکہ کے صحافی خوف زدہ ہیں ویسے ہی بھارت کے صحافی بھی خوفزدہ ہیں۔ لیکن لوگوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا یہ کھیل زیادہ دن تک چلنے والانہیں ہے۔ لالو نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت کام کم اور تشہیر زیادہ کرتی ہے۔ کام کے نام پر گھوٹالہ ہورہا ہے۔ گھوٹالہ کر کے سب لوگ چپ رہ جاتے ہیں۔ ویاپم گھوٹالے پربھی چپ رہ گئے، کسی نے کچھ نہیں کہا۔ اسی لئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ سی بی آئی سرکار کا طوطا ہے۔ بہار میں لااینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ ایک کے بعد ایک نئے نئے گھوٹالے سامنے آرہے ہیں۔ کبھی سیلاب کیلئے چوہے کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے تو کبھی نہر باندھ افتتاح سے پہلے ہی بہہ جارہا ہے۔ یہ گھوٹالہ نہیں ہے تو اور کیا ہے۔ اب سی بی آئی کے ذریعہ اس کی لیپا پوتی کی کوشش ہورہی ہے۔