خانقاہ منعمیہ میں روہنگیا مسئلہ پر آج جمع ہوں گے انسان دوست

Taasir Urdu News | Uploaded on 23-sep-2017

پٹنہ23ستمبر: برما میں روہنگیا آبادی پر ظلم وستم، تشدد وبربریت اور قتل عام کا سلسلہ جاری ہے۔ لاکھوں لوگ خانماں برباد ہوچکے۔ ظالموں نے خواتین توخواتین دودھ پیتے بچوں پر بھی رحم نہیں کھایا۔
اللہ کے رسول اور ہم سب کے آقا ومولیٰ ﷺ نے ظلم وگناہ پر مومن کو خاموش تماشائی بنے رہنے سے منع کیا ہے۔ ہم اگر اس ظلم کو روک نہیں سکتے تو اس پر اپنے غم وغصے کااظہار ضرور کرسکتے ہیں۔
اس مومنانہ روش کامظاہرہ کرنے کےلئے اتوار 24ستمبر 2017کو خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ پٹنہ سیٹی میں عصر کی نماز کے بعد ایک عظیم اور تاریخی اجتماع عام کااہتمام کیاگیا ہے۔ جس میں علماومشائخ دانشوران قوم وملت اور انسان دوست حضرات نیز عوام وخواص یکجاہوکر اپنے جذبات کااظہار کرسکیںگے اور ایک میمورنڈم پر دستخط ثبت کریں گے جسے برما (میانمار ) کے سفارت خانہ ،اقوام متحدہ کے ہندوستانی دفتر اور حکومت ہند تک پہنچانے کااہتمام کیاجائے گا۔امارت شرعیہ ، ادارہ شرعیہ ، جماعت اسلامی ہند ، مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ ، جمعیت العلماءہند ، خانقاہ مجیبیہ ، خانقاہ عمادیہ، خانقاہ فیاضیہ، خانقاہ حسنیہ،خانقاہ درگاہ شاہ ارزاں ، مدرسہ سلیمانیہ ،شیعہ رو یت ہلال کمیٹی، مدرسہ گلشن ابراہیم، مدرسہ غوثیہ تاج العلوم ، الجامعتہ الرضویہ ، انجمن محمدیہ، تخت شری ہرمندر، کیتھولک چرچ، کملدہ جین مندر، نیز مختلف علمی ،ادبی ، عوامی تنظیموں کے نمائندے اور ائمہ مساجد کے شرکت کی یقین دہانی ہوچکی ہے۔پٹنہ کی میئر اور بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈکے چیئرمین بھی اس موقع پر موجو د ہوںگے۔
عصر کی نماز سے عشاءکی نماز تک چلنے والے اس اجتماع کااختتام 10بجے رات میں اجتماعی دعاپر ہوگا۔ اس اجتماع میں خواتین کے لئے شرکت کامناسب نظم ہوگا۔ لہذا تمام مومنین ومومنات سے گزارش ہے کہ اہل وعیال دوست واحباب کے ساتھ شرکت فرماکر اپنی غیرت ایمانی اور انسان دوستی کاثبوت مہیا فرمائیں۔