اسلامی تاریخ : حضرت ابوبکر صدیقؓ

0
18

حضرت ابوبکر صدیقؓ قریش کے خاندان میں پیدا ہوئے، ابوبکر آپ کی کنیت ہے، نام عبداللہ، والد کا نام عثمان اور والدہ کا نام سلمیٰ تھا، آپ بچپن ہی سے نیک طبیعت اور سادہ مزاج انسان تھے۔ زمانہ جہالت میں آپ نے نہ کبھی شراب پی اور نہ کبھی بتوں کی پوجا۔ عمر میں حضورﷺ سے ڈھائی سال چھوٹے تھے، مگر آپﷺ سے بڑی گہری دوستی اور سچی محبت تھی۔ آپ نے حضورﷺ کے اخلاق و عادات کو بہت قریب سے دیکھا تھا، جب حضورﷺ نے اُن کو اسلام کی دعوت دی اور اپنی نبوت کا اعلان کیا، تو مردوں میں سب سے پہلے ایمان لانے کی سعادت اُن کو نصیب ہوئی اور حضور ﷺ کی نبوت کی تصدیق اور زندگی بھر جان و مال سے ساتھ دیتے ہوئے اسلام کی تبلیغ میں مشغول رہے۔ مکّہ کی تیرہ سالہ زندگی میں مشرکوں کی طرف سے پہنچائی جانے والی ہر قسم کی تکلیف کو برداشت کرتے رہے، اہم مشورے اور راز کی باتیں حضورﷺ انہیں سے کرتے تھے۔ چنانچہ ہجرت کے موقع پر ابوبکر صدیقؓ نے آپﷺ کے ساتھ غارِ ثور میں تین دن قیام فرمایا، پھر وہاں سے مدینہ منورہ تشریف لے گئے اسلام کی حفاظت کے لیے ہر موقعہ پر اپنا مال خرچ کرتے رہے اور دین کی سر بلندی کے لیے پوری بہادری کے ساتھ تمام غزوات میں شرکت فرماتے رہے۔