سیاست

جی ایس ٹی ریٹرن اب ہر3 ماہ پر

Profile photo of Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی 06 اکتوبر (تاثیر بیورو): مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کی صدارت میں جمعہ کو ہوئی جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں چھوٹے تاجروں کو بڑی راحت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کونسل میں جی ایس ٹی کے یکمشت منصوبے کے تحت ٹرن اوور کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپئے کردی ہے۔ اس سے چھوٹے تاجر ایک یا دو فیصدی کا یکمشت ٹیکس دے کر جی ایس ٹی کے جھنجھٹ سے بچ سکتے ہیں۔ جی ایس ٹی کونسل کی 22 ویں میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کو ایک پروگرام میں کہا تھا کہ جی ایس ٹی سے متعلق تاجروں کی پریشانیوں کو جلد دور کیا جائے گا۔ اس بدلاﺅ کے بعد اب 20 لاکھ روپئے سے زیادہ اور ایک کروڑ روپئے تک کے سالانہ ٹرن اوور والے تاجر جی ایس ٹی کی کمپوزٹ اسکیم کا فائدہ اٹھاسکیںگے۔ کمپوزٹ اسکیم کے تحت ٹیکس ریٹ کم ہے۔ اس اسکیم کے تحت تاجروں کو صرف دو فیصد ٹیکس چکانا ہوتا ہے۔ کمپوزٹ اسکیم کا فائدہ ریٹیلر، ہول سیلر ، مینوفیکچرر، ٹریڈرس اور ریسٹورنٹ کے تاجر اٹھاسکتے ہیں۔ کونسل کی میٹنگ کے دوران بہار کے وزیر مالیات سشیل کمار مودی کی قیادت والے وزارتی گروپ نے تاجروں کو پیش آرہی دقتوں پر اپنی سفارشیں پیش کیں۔ وزارتی گروپ کو جی ایس ٹی نیٹ ورک میں آرہی پریشانیوں کو جاننے کی ذمہ داری دی گئی تھی ۔ کونسل نے اکسپوٹروں سے تیزی سے رقم واپسی کابھی فیصلہ کیا گیا۔ دراصل جیٹلی کے ساتھ گذشتہ ماہ ہوئی اکسپوٹروں کی میٹنگ میں کہا گیا تھا کہ ان کے جی ایس ٹی ریفنڈ میں تقریباََ 65 ہزار کروڑ روپئے پھنسے ہوئے ہیں۔ اس لئے ریفنڈ کا عمل تیز ہونا چاہئے۔ اس مو ضوع پر غور کیلئے محصولات سکریٹری کی صدارت میں کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی لیکن کیندریہ اکسائز اور کسٹم ڈیوٹی بورڈ نے جی ایس ٹی کونسل کو بتایا کہ وہ 10 اکتوبر سے جی ایس ٹی ریفنڈ کیلئے تیار ہے۔ کونسل کے فیصلے کے مطابق پہلے 50 ہزار روپئے کے اوپر کی جویلری خریدنے پر پین دکھانا ضروری ہوتا تھا لیکن جی ایس ٹی میں تبدیلی کے بعد اب دو لاکھ سے اوپر کی جویلری پر ہی پین دکھانا ضروری ہوگا۔ جی ایس ٹی کے تحت ابھی تک تاجروں کو ہر مہینے ریٹرن فائل کرنا پڑرہا ہے لیکن اب تین مہینے میں ریٹرن فائل کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ اب دو کروڑ روپئے تک کے ٹرن اوور پر سہ ماہی ریٹرن داخل کرنی ہوگی۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar