فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی کی ٹکر سے گول کیپر ہلاک

0
10

جکارتہ ،16اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) انڈونیشیا میں فٹ بال لیگ میچ کے دوران ایک گول کیپر اپنی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ ٹکر لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ 38 سالہ شوئرل ہودا کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔پرسیلا فٹ بال کلب کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر یودسٹرو اندری نگروہو کا کہنا ہے کہ ہودا کو سینے اور نچلے جبڑے پر چوٹ آئی تھی۔ مشرقی جاوا کے شہر لمونگن میں واقع لمونگن ہسپتال کے ڈاکٹر نگروہو کا کہنا تھا کہ ٹکرانے کے باعث ہودا کی سانس رک گئی تھی اور دل کا دورہ پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی میڈیکل ٹیم ان کی سانس بحال کرنے کوشش کی لیکن ایک گھنٹے کی کوشش کے باوجود زندگی کے آثار محسوس نہیں ہوئے۔ پرسیلا فٹ بال کلب کا کہنا ہے کہ ان کے مداحوں نے گول کیپر کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں حصہ لیا۔ ہودا نے اس کلب کی 500 سے زائد میچوں میں نمائندگی کی تھی۔