مالیگاﺅں بم دھماکہ:سادھوی پرگیا ٹھاکر کی ضمانت مستردکئے جانے کی عرضداشت پرسماعت شروع

0
17

ممبئی31اکتوبر(پریس ریلیز)مالیگاﺅں ۸۰۰۲ ءبم دھماکہ معاملے کی کلیدی ملزمہ سادھو پرگیا سنگھ ٹھاکرجسے ممبئی ہائی کورٹ نے گذشتہ ماہ ضمانت پر رہا کیا تھا کی ضمانت مسترد کیئے جانے والی عرضداشت پر آج سپریم کورٹ آف انڈیا میں سماعت عمل میںآئی جس کے دوران متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیة علماءمہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے مقرر کیئے گئے سینئر ایڈوکیٹ سابق ایڈیشنل سالسٹر جنرل امریندر شرن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے خلاف ثبوت و شواہد موجود ہونے کے باوجود ممبئی ہائی کورٹ نے اسے ضمانت پر رہا کیا ہے جس پر نظر ثانی ہونا چاہئے ۔یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میںجمعیة علماءقانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی ۔گلزار اعظمی نے بتایا کہ آج سپریم کورٹ آف انڈیا کی دو رکنی بینچ کے جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس منوہر سپرے کے روبرو بم دھماکہ میں شہید ہونے والے سید اظہر کے والد سید نثار کی جمعیة علماءکے توسط سے داخل کردہ عرضداشت پر سماعت عمل میںآئی جس کے دوران عدالت نے متاثرین کے وکلاءسے دریافت کیا کہ اب جبکہ اس معاملے کے دیگر کلیدی ملزم کرنل پروہیت کی ضمانت سپریم کورٹ نے منظور کی ہے سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کو حاصل ضمانت کو کیوں مسترد کیا جانا چاہئے ؟ جس کے جواب میں ایڈوکیٹ امریندر شرن نے کہا کہ تحقیقاتی دستہ اے ٹی ایس کی جانب سے ملزمہ کے خلاف داخل چارج شیٹ میں اس کے اس بم دھماکوں میں شامل ہونے کے ثبوت وشواہد موجود ہیں جسے وہ عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیںنیز وہ عدالت کو یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ کس طرح قومی تفتیشی ایجنسی نے ایک مبینہ منصوبہ بند سازش کے تحت اس معاملے کے ملزمین کو راحت پہنچانے کا کام کرتے ہوئے ان بم دھماکوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا ہے ۔دو رکنی بینچ نے ایڈوکیٹ امریندر شرن کو ۶ نومبر کو اپنے دلائل عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے معاملے کی سماعت ملتوی کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے ۔ واضح رہے کہ ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس مورے اور جسٹس پھانسلکر جوشی نے قومی تفتیشی ایجنسی NIAکی تازہ چارج شیٹ کی بنیاد پر ملزمہ کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے تھے لیکن ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ سے غیر مطمین جمعیة علماءنے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا جس پر آج سماعت عمل میں آئی۔ گلزار اعظمی نے مزید بتایا کہ جمعیة علماءنے ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے میجر رمیش اپادھیا ئے کو ملی ضمانت کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے جس پر جلد سماعت عمل میںآنے کی امید ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجا زمقبول نے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کرنے والی پٹیشن سپریم کورٹ میں داخل کردی ہے ۔