امریکہ نے الرقہ کی تعمیر نو میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

واشنگٹن18اکتوبر(آئی این ایس انڈیا)امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام میں دولت اسلامیہ ’داعش‘ کے زیر تسلط رہنے والے شہر الرقہ کو داعش سے پاک کئے جانے کے بعد امریکہ تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ الرقہ میں داعش کی مکمل شکست کے بعد ملبہ ہٹانے، بنیادی سروسز کی فراہمی، بجلی اور پانی کی سہولیات کی فراہمی میں مدد کے لیے امریکہ بھرپور مدد کرے گا۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیذر ناورٹ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’ہم الرقہ میں بھرپور امدادی آپریشن شروع کریں گے۔ بالیقین پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ہم سب سے آگے ہوں گے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی الرقہ کے حوالے سے پیش آئند اقدامات کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر الرقہ میں محتاج لوگوں کی مدد اور داعش سے چھڑائے گئے شہر میں استحکام کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے۔خیال رہے کہ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ الرقہ شہر کا 90 فی صد علاقہ داعش سے پاک کرلیا گیا ہے۔ الرقہ میں داعش کی مکمل شکست کو امریکا اپنی بہت بڑی کامیابی اور نصرت قرار دیتا ہے۔گذشتہ روز کرد اور عرب جنگجوو¿ں پر مشتمل ’سیرین ڈیموکریٹک فورسز‘ (ایس ڈی ایف) نے دعویٰ کیا تھا کہ الرقہ میں لڑائی ختم ہوگئی ہے۔ شہر کے مرکزی اسٹیڈیم کو بارودی سرنگوں سے پاک کیا جا رہا ہے۔انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادار ے ’شامی آبزرو یٹری‘ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ڈیموکریٹک فورسز الرقہ کو داعش سے مکمل طور پر آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔