برونی ریفائنری کی توسیع اور نئی پٹروکیمیکل یونٹ جلد

پٹنہ 06 اکتوبر (تاثیر بیورو): پٹرولیم کے مرکزی وزیر دھرمندر پردھان نے جمعہ کو وزیراعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے پیکج کے مختلف منصوبوں کے نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ مرکز کی طرف سے وزیراعظم پیکج کے تحت بہار میں چل رہے منصوبوں کی پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو باخبر کرایا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم ارجا گنگا یوجنا پر بھی بات ہوئی۔ اس منصوبے کے تحت پائپ لائن کے توسط سے ایل پی جی مہیا کرائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی برونی ریفائنری کی توسیع کاری پر بھی بات ہوئی۔ بات چیت کے دوران یہ بتایا گیا کہ برونی میں ایک نیا پٹروکیمیکل یونٹ قائم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی جدید ترین فرٹیلائزر پلانٹ بھی قائم ہوگا۔ آئی او سی ایل کے پائپ لائن کے سلسلے میں بھی بات چیت ہوئی۔ مرکز کی طرف سے یہ بتایا گیا کہ پٹرولیم پائپ لائن کو موتیہاری تک اور ایل پی جی پائپ لائن کو بھاگلپور سے مظفر پور تک بڑھایا جائے گا۔ ہر گھر رسوئی گیس کا کنکشن دینے کے موضوع پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بات چیت کے دوران ایک ضلع میں اس منصوبے کے پائلٹ پروجیکٹ پر بھی بات ہوئی۔ اس سلسلے میں آئندہ نومبر میں ایک خصوصی کیمپ کا بھی انعقاد کیا جاسکتا ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پورے ضلع کو ہر گھر رسوئی گیس کنکشن کے صد فیصد جوڑا جائے گاتاکہ سبھی لوگوں کو اس کا فائدہ ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کے نفاذ میں حکومت بہار کی طرف مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ بات چیت کے دوران سپول ضلع میں لگائے جانے والے ایتھنول پلانٹ پر دونوں طرف سے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کے قیام کی بات کہی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مرکزی حکومت کے منصوبوں کے نفاذ، رابطہ اور مونیٹرنگ کیلئے ڈیولپمنٹ کمشنر کو بہار سرکار کی طرف سے نوڈل افسر مقرر کرنے کی ہدایت چیف سکریٹری کو دی۔ وزیر پٹرولیم دھرمندر پردھان اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ملاقات کے دوران اسکلڈ ڈیولپمنٹ پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے انہیں اسکلڈ یوتھ پروگرام کے سلسلے میں بتایا اور اس کے تحت چلائے جارہے مراکز کا معائنہ کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اس پر بھی غور کرے کہ وہ اس میں کس طرح سے مدد کرسکتی ہے۔ دھرمندر پردھان نے کہا کہ مرکز بہار کو خصوصی نظریے سے دیکھتا ہے۔ ان کی وزارت ریاست میں چلائے جارہے منصوبوں کو وقت پر پورا کرنے کیلئے پابند عہد ہے۔