جرمن صدر کا دورہ اٹلی اور پوپ فرانسس سے ملاقات

روم،۹اکتوبر(پی ایس آئی)یورپ کو درپیش متعدد بحرانوں کے تناظر میں جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اپنی ایک تقریر کے دوران عوام کی جذبات و احساسات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔فرانک والٹر اشٹائن مائر نے کہا، ”برطانیہ سے لے کر کاتالونیہ تک اور پولینڈ سے لے ک یونان تک، یہ واضح ہے کہ عوام کی جذبات کس حد تک معاملات کو متاثر کر سکتے ہیں۔“ جرمن صدر نے یہ بیان اطالوی دارالحکومت روم میں اپنے دورہ کے موقع پر اتوار آٹھ اکتوبر کو دیا۔ ان کے بقول عوامی جذبات اور احساسات کبھی غیر ضروری نہیں ہوتے تاہم یورپی انضمام کے دوران یہ متاثر ضرور ہوئے۔ جرمن صدر اشٹائن مائر نے یورپی یونین کے حوالے سے کہا کہ ایسا منصوبہ طویل المدتی بنیادوں پر اسی وقت کام کر سکتا ہے، جب اس کا دل اور اس کی روح اس میں شامل ہو۔ اس بیان میں وہ غالباً یورپی عوام کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔اشٹائن مائر آج پاپائے روم سے مل رہے ہیں۔ اس ملاقات میں وہ یورپ کو درپیش مسائل بشمول یورپی انضمام اور مہاجرین کے بحران پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کیتھولک مسیحی کلیسا کے سربراہ پوپ فرانسس اور ’پروٹیسٹنٹ‘ مسیحی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر کی مابین یہ پہلی براہ راست ملاقات ہے۔ پوپ سے ملاقات کے بعد آج ہی جرمن صدر ایک کیتھولک امدادی تنظیم ’سانت اڈیگیو‘ کا دورہ بھی کریں گے۔ یہ تنظیم مہاجرین کی مدد میں بھی ملوث ہے۔اشٹائن مائر کیتھولک اور پروٹیسٹنٹ مسیحیوں کی ریفارمیشن کے پانچ سو برس مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں اٹلی کا دورہ کر رہے ہیں۔