ریشم کی صنعت میں روزگار کے وسیع امکانات:نتیش

پٹنہ30 اکتوبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ بہار میں ریشم کی صنعت کے وسیع امکانات ہیں۔ حکومت ہنڈ لوم اور پاور لوم مزید مضبوط کرے گی۔ بھاگلپور کے چمپا نگر میں بجلی بل کی ادائیگی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے نئے کنکشن دیئے جائیںگے۔ اس کیلئے 15نومبر سے کیمپ لگایا جائے گا۔ ساتھ ہی پرانا بقایہ جات کیلئے ون ٹائم سیٹلمنٹ کی کارروائی کی جائے گی۔ جو بھی مدد ممکن ہوگی ،حکومت کرے گی۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے ، حکومت کی یہ کوشش ہوگی۔ وزیراعلیٰ آج صنعتی پنچایت کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈ لوم ،پاور لوم اور ریشم کے شعبے میں روزگار کے وسیع امکانات ہیں۔ سیوا یاترا کے دوران ریشم پیدا کرنے والے علاقوں کا بھی میں نے دورہ کیا تھا۔ اس دوران نئی پالیسی بنانے کا مشورہ دیا تھا۔ پالیسی بنی ،لیکن اس کے نفاذ میں تھوڑا وقت لگا۔ اس شعبے میں آگے بڑھنے کے پورے امکانات ہیں۔ جیویکا کو دیہی ترقیات محکمہ کو اور رفتار دینی ہوگی۔ جیویکا کے توسط سے ریشم کے روزگار کے کافی امکانات ہیں۔ تسر کی صنعت کیلئے خواتین کو 661 آلات دیئے جاچکے ہیں جس سے اور بھی اچھے نتائج سامنے آئیںگے۔ ہینڈلوم کوآپریٹیو سوسائٹی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے اور ڈیٹا اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ جس سے آپ کو فائدہ ہوگا۔آپ کی تنظیم مضبوط ہوگی۔ صنعتی پنچایت میں وزیر صنعت جے کمار سنگھ، وزیر توانائی وجندر پرساد یادو، وزیرزراعت پریم کمار ،محصولات واصلاحات اراضی کے وزیر رام نارائن منڈل،چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ سمیت کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔