سونی پت دھماکہ معاملے میں عبدالکریم عرف ٹنڈا کو عمر قید

سونی پت، 10 اکتوبر (یو این آئی) لشکر طیبہ کا دہشت گرد عبدالکریم عرف ٹنڈا کو 1996 میں سونی پت میں ہوئے سلسلہ وار دو بم دھماکوں کے معاملے میں آج ضلع و سیشن کورٹ نے عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔پولیس کے مطابق 28 دسمبر 1996 کو سونی پت میں دومقامات پر بم دھماکے ہوئے ۔ پہلا دھماکہ شام پانچ بجکر پندرہ منٹ پر شہر کے بس اسٹینڈ کے قریب واقع باوا سنیما ہال میں ہوا۔ تقریبا دس منٹ کے بعد ہی دوسرا دھماکہ گیتا بھون چوک واقع ایک ہوٹل کے باہر ہوا۔ دھماکے میں 10 سے زائدافراد زخمی ہوئے تھے ۔ پولس نے اس سلسلے میں سونی پت کے اندرا کالونی کے رہنے والے سجن سنگھ کے بیان پرمقدمہ درج کیا تھا۔ سجن سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے ساتھی انل اور وکاس کے ساتھ فلم دیکھنے آئے تھے ۔ اس دوران ہوئے دھماکے میں وہ اور 11 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے ۔ بعد میں پولیس نے اس سلسلے میں تین ملزمان غازی آباد باشندہ عبدالکریم ٹنڈا اور اس کے دو ساتھیوں اشوک نگر، پلکھوا کے رہنے والے شکیل احمد اور انار والی گلی تیل¸ واڑہ، دہلی کے باشندہ محمد عامر خان کو نامزد کیا تھا۔ پولیس نے شکیل اور کامران کو 1998 میں گرفتار کیا تھا، لیکن ٹنڈا فرار ہوگیا تھا۔ 2002 میں ثبوت کی کمی کی وجہ سے شکیل اور کامران کو عدالت نے بری کر دیا تھا۔ بعد میں عبدالکریم ٹنڈا کو دہلی پولیس نے اگست 2013 کو نیپال کی سرحد سے گرفتار کیا تھا۔ سونی پت میں چل رہے معاملے میں تمام 43 گواہی مکمل کی گئی اور بحث کرائے گئے ۔ ایڈیشنل ضلع و سیشن جج ڈاکٹر سشیل کمار کی عدالت میں دہشت گرد عبدالکریم عرف ٹنڈا کے خلاف قتل 307 (قتل کی کوشش)، 120 بی (سازش کرنے ) اور 3،4 ایکسپلوزیو ایکٹ (بم دھماکہ کرنا) کے معاملے میں عمر قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ جرمانہ کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں اسے ایک سال کی اضافی سزا بھگتنی ہوگی۔