شراب کاروباری کو10 سال قید با مشقت کی سزا ، ایک لاکھ روپے جرمانہ

Taasir Urdu News | Uploaded on 18-OCTOBER-2017

نالندہ ، 18 اکتوبر ( نمائندہ ) سرکار کے ذریعہ نافذ کئے گئے نشہ بندی پروگرام اور نئی آبکاری پالیسی کے تحت ضلع میں شراب کاروباریوں کے خلاف پہلی بار سزا سنائی گئی ہے۔ دیپ نگر تھانہ مقدمہ نمبر 189/17 میں ملزم دلیپ کمار چودھری کو 272اور 273 آئی پی سی کے تحت چھ چھ ماہ کی معمولی قید اور خصوصی آبکاری ایکٹ کے تحت 10 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق قید بامشقت کے علاوہ ان پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ جرمانہ نہیں دینے کی حالت میں ان کی سزا 2 سال اور بڑھائی جائے گی۔ یہ سزا بدھ کو سنائی گئی ہے ۔ بتادیں کہ 17 جون کو دیپ نگر تھانہ کے تحت گنج پر ملزم کے گھر پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سب انسپکٹر دنیش پرساد رجک کی چھاپہ ماری میں غیر قانونی شراب بنانے کی مشین اور سات لیٹر غیر قانونی شراب برآمد ہوئی تھی۔ خصوصی جج اتپاند ساہ ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ارشاد اللہ کی عدالت نے مذکورہ فیصلہ سنایا ہے۔ سرکار کی طرف سے گواہ محمد قیصر امام کی قیادت میں آبکاری کے خصو صی گواہ دلیپ کمارسنگھ اور سشیل کمار کے ذریعہ اس کیس میں پیروی کی گئی ہے۔ معلوم ہوکہ ڈی ایم ڈاکٹر تیا گ راجن ایس ایم نے سبھی پراسیکیوٹروں کو ہدایت دی ہے کہ غیر قانونی شراب کے معاملے میں وقت پر مضبوطی سے سرکاری موقف رکھیں ۔ جس سے قصور واروں کو جلد سزا مل سکے ۔