متحدہ شام میں بشارالاسد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی : ٹیلرسن

واشنگٹن27اکتوبر(آئی این ایس انڈیا)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایک متحد اور مکمل شام چاہتا ہے اور اس میں موجودہ صدر بشارالاسد کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔وہ جنیوا میں جمعرات کو شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹافن ڈی میستورا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرر ہے تھے۔انھوں نے کہا کہ اسد خاندان کا اقتدار اب ختم ہونے کو ہے اور اب مسئلہ صرف یہ ہے کہ اس کو کیسے اقتدار سے ہٹایا جائے۔ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ ” شام میں داعش کی شکست ایران کی کوئی فتح نہیں ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ایران نے صورت حال سے فائدہ اٹھایا ہے“۔ انھوں نے مزید کہا کہ شامی فوج کی باغیو ں اور داعش کے خلاف جنگ میں فتوحات روس کی جانب سے ملنے وا لی فضائی مدد کی مرہونِ منت ہیں ۔انھو ں نے ڈی میستورا سے ملاقات میں شام کے لیے جنیوا امن عمل کی بحالی کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ عالمی ایلچی بہت جلد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو شام کی تازہ صورت حال کے بارے میں آگاہ کرنے والے ہیں۔