مسعود بارزانی یکم نومبر کے بعد صدر نہیں رہیں گے

بغداد 29اکتوبر(آئی این ایس انڈیا)عراق کے نیم خودمختار صوبہ کردستان کے سربراہ مسعود بارزانی کی مدت صدارت میں یکم نومبر کے بعد توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس امر کا اظہار ہفتہ کے روز ایک کرد عہدیدار نے کیا۔برطانوی خبر رساں ادار ے رائیٹرز نے نامعلوم کرد عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ مسعود بارزانی نے صدر کے اختیارات سے متعلق کردستان پارلیمنٹ کو چند نکات بھیجے ہیں جن پر آج بروز اتوار بحث کی جائے گی۔یہ پیش رفت مسعود بارزانی کی جانب سے کرد پارلیمنٹ کو ارسال کردہ پیغام کے بعد سامنے آئی ہے۔ بارزانی کے پیغام کو آج پارلیمنٹ کے سامنے پڑھ کر سنایا جائے گا ۔کرد ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر بارزانی کی مدت صدارت اکتوبر میں ختم ہو رہی ہے اور وہ نئی مدت صدا ر ت کے لئے عہدے پر قائم نہیں رہنا چاہتے اور نہ ہی انہوں نے نئی مدت کے لئے صدارتی انتخاب لڑ نے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اس سے قبل سلمانیہ میں قائم کرد اپوزیشن پارٹی نے مسعود بارزانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ نیز انہوں نے صدارتی قانون اور صدر کا منصب ختم کرتے ہوئے اس کی جگہ پارلیمانی نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔