میٹھے رسیلے انگور کھائیے

انگور کا موسم آتے ہی بازار میں سبز،پیلے،سرخ اور کالے انگور نظر آنے لگتے ہیں ۔ بچے بڑے سبھی بہت شوق سے انگور کھاتے ہیں۔ انگور بہت مفید پھل ہے۔ ماہرینِ نباتات کے مطابق انگور کا اصل گھر روس ہے، یہیں سےاس کی کاشت شروع ہوئی۔ بعد ازاں مغربی ایشیا،جنوبی یورپ،شمالی افریقہ،ایران،افغانستان،آسٹریلیا،امریکا اور پاکستان میں اس کی کاشت عام ہوئی۔ پاکستان میں سرحد اور بلوچستان میں انگور بہ کثرت پیدا ہوتا ہے۔ انگورمیں غذائیت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ بہ آسانی ہضم ہوجاتا ہے۔ انگور میں پھلوں کی شکر (فرکٹوس)زیادہ ہوتی ہے۔ پکا ہوا انگور قبض دُور کرتا ہے، جب کہ کچا انگور قابض ہوتا ہے۔ انگور بلغم خارج کرتا ہے۔ یہ بینائی بہتر کرتا ہے۔ یہ زودہضم پھل ہے۔ جسم کو فربہ کرتا ہے۔ اس میں ریشہ بھی ہوتا ہے انگور میں نشاستہ (کاربوہائڈریٹ)،لحمیات،(پروٹینز)،حیاتین الف اور ج (وٹامنز اے اور سی)،کیلسئیم اور فولاد بھی ہوتا ہے۔ انگور کولیسٹرول سے پاک ہوتا ہے، البتہ اس میں سوڈئیم کم مقدار میں پایا جاتا ہے۔ انگور کھانے سے گردے ،پتے اور مثانے کی پتھری خارج ہوتی ہے۔ اسے کھانے سے پیٹ کے کیڑے مرجاتے ہیں۔ دل کی بیماریاں دُور کرنے میں انگور بہت مفید ہے۔ یہ ہڈیوں میں مضبوطی پیدا کرتا ہے۔ انگور سرطان کے امکان کو بھی ختم کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ نزلہ زکام اور بخار سے نجات دلاتا ہے۔ چھوٹا انگور بھی بہت مزے دار ہوتا ہے، یہی جب خشک ہوجاتا ہے تو کشمش کہلاتا ہے۔ کشمش کھانے سے جسم میں توانائی آتی ہے ۔ اس سے معدے اور جگر کا فعل بہتر ہوجاتا ہے۔ روزانہ آٹھ دس کشمش کھانے سے تھکن دور ہوجاتی ہے ۔ اس سے حافظہ بھی تیز ہوجاتا ہے۔ کشمش وزن میں اضافہ کرتا اور نیا خون بناتا ہے۔ انگور کا رس بھی بہت مزے دار اور مفید ہوتا ہے۔ اس میں اگر شہد ملا کر پیا جائے تو چہرے کی رنگت نکھر جاتی ہے۔ یہ ایّام کی باقاعدگی کو ختم کرتا ہے ۔ سرخ انگور کا رس پینے سے دورانِ خون بہتر ہوجاتا ہے۔ انگور حاملہ خواتین کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ حمل کے دنوں میں انگور کھانے سے پیدا ہونے والا بچہ خوب صورت اور صحت مند ہوتا ہے۔ جو خواتین خون کی کمی کا شکار ہوں، انھیں روزانہ انگور کھانے چاہییں، چند دنوں میں ان کی یہ شکایت دور ہوجائے گی۔ کالے انگور میں کئی قسم کے صحت بخش اجزا پائے جاتے ہیں۔ جن میں مانع تکسید اجزا
( ANTIOXIDANTS ) بھی شامل ہیں۔ اس میں حرارے(کیلوریز)کم ہوتے ہیں۔ فربہ افراد کے لیے کالا انگور بہت مفید ہے، اس لیے کہ یہ جسمانی حرارے کم کرتا ہے اور حراروں میں کمی کی وجہ سے وزن کم ہونے لگتا ہے ۔ ایک پیالی انگور میں صرف62 حرارے ہوتے ہیں اور چکنائی آدھا گرام سے بھی کم ہوتی ہے۔ اس سے جام اور جیلی بھی بنائی جاتی ہے۔ کالے انگور کا رس بھی بہت ذائقے دار ہوتا ہے اور صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔