نتیش حکومت میں پورا نظام ہی تباہ ہوچکا ہے :لالو

پٹنہ، 18اکتوبر(یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے پٹنہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس) میں علاج کے انتظار میں ایک بچی کی ہوئی موت پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آج کہ اکہ نتیش کمار حکومت میں پورا نظام ہی تباہ ہوگیا ہے ۔مسٹر یادو نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ لکھی سرائے کی ایک بچی کی علاج کے انتظار میں کل پٹنہ ایمس میں موت ہوگئی ۔ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے والد علاج کے لئے پرچہ بنوانے گئے تھے لیکن ملازمین نے وقت ختم ہونے کی بات کہہ کر انہیں واپس لوٹا دیا۔آر جے ڈی صدر نے کہا کہ بچی تیز بخار اور درد سے کراہ رہی تھی ۔اس کے باوجود اس کا علاج نہیں کیا گیا۔ علاج نہیں ہونے سے بچی نے دم توڑ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بچی کی موت کے بعد اس کے والدے ایمبولنس کا نظم کرنے کے لئے ملازمین کے سامنے گڑگڑاتے رہے لیکن لاش لے جانے کے لئے انہیں ایمبولنس فراہم نہیں کرایاگیا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ایمبولنس نہیں ملنے سے بچی کے والد اپنے کاندھے پر رکھ کر ہی بچی کی لاش کو لے گئے ۔ یہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ ہے لیکن اسپتال انتظامیہ بھی اس پورے معاملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔