وراٹ بنے سب سے تیز 9000رن بنانے والے بلے باز

کانپور، 29 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں سب سے تیز ۰۰۰۹رن بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں اور انہوں نے جنوبی افریقہ کے جارح بلے باز اے بی ڈی ویلیئرس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ وراٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور کے گرین پارک میدان میں تیسرے اور آخری ون ڈے میں اتوار کو اپنی اننگز کا 83 واں رن بنانے کے ساتھ ہی یہ کامیابی حاصل کر لی۔ وراٹ اپنے 202 ویں ون ڈے اور 194 اننگز میں 9000 رن مکمل کرنے کااعزازحاصل کیا جبکہ ڈیولیرس نے 9000 رن مکمل کرنے کے لیے 214 میچ اور 205 اننگز کھیلی تھیں۔ ہندوستانیوں میں یہ ریکارڈ سابق کپتان سوربھ گانگولی کے نام تھا جنہوں نے 9000 رن پورے کرنے کے لیے 236 میچ اور 228 اننگز کھیلی تھیں۔ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رن اور سنچریوں کا عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے سچن تندولکر نے یہ کامیابی 242 میچوں اور 235 اننگز میں حاصل کی تھی۔ کرکٹ میں مسلسل نئے ریکارڈ اپنے نام کرنے والے وراٹ ون ڈے میں 9000 رنز مکمل کرنے والے چھٹے ہندوستانی بلے باز اور اوورل آل 19 ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے آگے محمداظہرالدین 9378 رنز، مہندر سنگھ دھونی 9627 رنز، راہل دراوڑ 10768 رنز، سوربھ گانگولی 11221 رنز اور سچن تندولکر 18426 ہیں۔ وراٹ نے اس سیریز کے پہلے ون ڈے میں اپنی 31 ویں سنچری مکمل کی تھی اور سب سے زیادہ ون ڈے سنچری بنانے کے معاملے میں وہ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کو پیچھے کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے تھے ۔ اس معاملے میں سب سے آگے سچن ہیں جنہوں نے 49 سنچریاں بنائی ہیں۔