ٹِلرسن کے عہدہ میں دلچسپی نہیں: ہیلی

واشنگٹن28اکتوبر(آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نِکی ہیلی نے کہا ہے کہ وہ وزیرخارجہ ریکس ٹِلرسن کے عہدے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہیں۔ جمعے کے روز کنشاسا میں صحافیوں سے بات چیت میں ہیلی نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتیں اور اپنی موجودہ ذمہ داریوں کو بہتر انداز سے نبھانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان کے بقول وزیرخارجہ ٹِلرسن اپنے عہدے پر موجود ہیں اور اگر کوئی ان سے اس عہدے کی پیش کش کرے گا تو وہ نہ میں جواب دیں گی۔ امریکی میڈیا پر مسلسل یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ٹلرسن اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین اختلافات پائے جاتے ہیں۔