پسماندہ طبقات کے 27فیصد ریزرویشن کے مطالبے کی حمایت میں انصاف مارچ آج

رانچی10اکتوبر(معیز الدین خان):ریاست میں پسماندوں کو 27فیصد ریزرویشن کے مطالبے کو لے کر 11اکتوبر کو منعقد ہونے والے انصاف مارچ کی تیاری پوری کرلی گئی ہے۔ رانچی ضلع کے سبھی بلاک ہیڈکوارٹر میں مارچ کاجائزہ لیاگیا۔ بتایاجاتا ہے کہ رانچی میں یہ مارچ مورہا بادی واقع مہاتما گاندھی کے مجسمہ سے ایس ایس پی چوک راج بھون، جسٹس ایل پی این چوک،راتو روڈ چوک، کشور گنج چ وک، سہجانندچوک ہوتے ہوئے سردار بلبھ بھائی پٹیل کے ہرموواقع مجسمہ تک جائے گا۔ رانچی ضلع نائب صدرلکشمی نارائن مہتو کے مطابق منڈل کمیشن کی سفارش اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود 24فیصدآبادی والاپسماندہ طبقہ آئین کے ذریعہ مقررہ 27فیصدریزرویشن کے لئے دردر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے جبکہ ان کے ووٹ سے ہی حکومتیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندوں کو نظراندازکئے جانے سے وہ غصہ میں ہیں۔ رانچی ضلع سکریٹری پرکاش مہتو کا کہنا ہے کہ پسماندہ طبقہ امن اور شانتی والا طبقہ ہے۔ ان کے لئے ریزرویشن میں تاخیر ہوئی تو اس کانتیجہ بہترنہیں ہوگا۔ اورمانجھی ضلع پریشد کی رکن سریتا دیوی کاکہنا ہے کہ 13فیصد ریزرویشن کی کٹوتی سے پسماندہ طبقہ کے نوجوانوں کی سرکاری ملازمت کے راستے مشکل ہوگئے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ نہیں کیاجائے۔ جائزہ میٹنگ میں دگمبر مہتو، رامانند مہتو، انجم پرکاش باڑا، پشپادیوی، اکبرخان، راجو مہتو، پھولیندرمہتو، مہاوبیر یادو وغیرہ موجود تھے۔