پیوش سی اے کی طرح جئے شاہ کی وکالت کررہے ہیں:یشونت

پٹنہ 11 اکتوبر (تاثیر بیورو): بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر مالیات یشونت سنہا نے پٹنہ میں بدھ کو جئے شاہ معاملے میں کہا کہ بی جے پی نے اپنے اعلیٰ اخلاقیات کی بنیاد کھودی ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ لوک نائک جئے پرکاش نارائن کہا کرتے تھے کہ کسی بھی پارٹی کی حکومت ہو جب تک عوام بیدار نہیں ہوںگے اس حکومت پر کنٹرول ممکن نہیں ہوگا۔ جے پی نے لوک شکتی کوجگانے کیلئے کرانتی کا بگل پھونکا تھا اور اس کا نتیجہ کیا ہوا یہ سب کو معلوم ہے۔ کیا ابھی 1975 جیسی صورتحال ہے؟ اس پر انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کیا آپ حالات کا بہتر تجزیہ کرسکتے ہیں۔ یشونت سنہا بدھ کو جے پی جینتی کے موقع پر چرخہ سمیتی احاطے میں لوک نائک کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جئے شاہ کی کمپنی کے سلسلے میں ایک ویب پورٹل نے جو خلاصہ کیا ہے اس پر میں کوئی تبصرہ نہیں کروںگا لیکن اس خلاصے کے بعد جو ہوا اس سے بی جے پی نے اپنا ہائی مورل گراﺅنڈ کھو دیاہے۔ وزیر ریل اور کوئلہ پیوش گوئل نے پریس کانفرنس کرکے صفائی دی ، جس کمپنی نے پاور پروجیکٹ کاکام جئے شاہ کو دیا ہے وہ پریس کانفرنس کرتی تو کوئی بات تھی۔ پیوش گوئل مرکزی وزیر سے زیادہ جئے شاہ کی کمپنی کے سی اے لگ رہے تھے۔ 8 اکتوبر کو ویب سائٹ نے یہ خلاصہ کیا اور دو دن پہلے ہی 6 اکتوبر کو ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل کو وزارت قانون نے جئے شاہ کا مقدمہ لڑنے کی اجازت دے دی۔ کیا اس معاملے میں جئے شاہ کے والد امیت شاہ کو بی جے پی قومی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے ، اس پر یشونت سنہا نے کہا کہ کسی کا استعفیٰ اس کے ضمیر پر موقف ہے۔ یشونت سنہا نے اپنے بیٹے جینت سنہا کے جئے شاہ کے دفاع میں کھل کر آنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راج دھرم نبھایا ہے۔ لیکن میں راشٹر دھرم نبھارہا ہوں۔