کرکوک تنازع میں امریکا غیر جانب دار رہے گا: ٹرمپ

واشنگٹن17اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرکوک شہر پر قبضے کے معاملے میں ان کا ملک عراقی حکومت اور کرد فورسز میں سے کسی کی بھی طرف داری نہیں کرے گا۔ وائیٹ ہاو¿س میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کرکوک میں عراقی فوج کی کارروائی اور جواب میں کرد جنگجوو¿ں کے حملوں میں امریکہ غیر جانب دار رہے گا تاہم امریکہ کرکوک میں کسی قسم کے تشدد کی حمایت بھی نہیں کرے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ ’ہم نے کردوں کے ساتھ گذشتہ برسوں کے دوران تعلقات مستحکم کئے ہیں۔ عراقی حکو مت کے ساتھ بھی امریکہ کے اچھے تعلقا ت قائم ہیں۔ ہمارے لیے یہ مناسب نہیں کہ ہم کسی ایک فریق کی جانب داری کریں۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سنہ 2016ءمیں عراق میں امریکی فوج کی تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔ادھر امریکی محکمہ دفاع ’پیٹاگون‘ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی فوج نے کرکوک پر حملے کے ذریعے نہیں بلکہ باہمی تعاون سے کنٹرول حاصل کیا ہے۔کرنل روپ ماننگ نے کہا کہ امریکی فوج اور اتحادی فوج کے مشیر کرکوک میں عراقی حکومت یا کرد حکومت میں سے کسی کے حامی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عراق کو متحد رکھنے کے لیے معاونت جاری رکھیں گے۔