ہائی وولٹج تار سے تعزیہ ٹکرایا،5 کی موت،60 جھلسے

چناری،(روہتاس)بھاگلپور یکم اکتوبر (نمائندہ): محرم کے جلوس کے دوران روہتاس ضلع کے تھانہ چناری اور بھاگلپور کے بلاک گورا ڈیہہ کے پنچایت ماچھی پور کے محلہ چودھری ٹولہ میں دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ماچھی پور سے ملی اطلاع کے مطابق محرم کے جلوس کے دوران تعزیہ کے نشان سے ہائی وولٹج الیکٹرک وائر کے ٹچ کرجانے کی وجہ سے 4افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ 20لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔ سبھی زخمیوں کا علاج مقامی اسپتال میں کیا جارہا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے 2 افراد کے مرنے اور 15 افراد کے جھلس جانے کی توثیق کی ہے۔ ادھر روہتاس ضلع سے موصول اطلاع کے مطابق چناری تھانہ کے تحت لودھی میں ایک تعزیہ بجلی کے تار سے ٹکراگیا جس کے بعد اس کو تھامے لوگوں میں سے ایک کی موت ہوگئی ہے اور تقریباََ 40لوگ جھلس گئے ہیں۔ ان میں سے 22لوگوں کو آناََ فاناََ چناری کے ایک نرسنگ ہوم میں بھرتی کرایا گیاہے۔ 7 لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔ انہیں بنارس ریفر کیا گیا ہے۔ جھلسے ہوئے مریضوں کو ان کے لواحقین بنارس اپنی گاڑی سے لے گئے ہیں۔ مہلوک کانام پرویز انصاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اتوار کے دن ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ اس وقت محرم کا جلوس نکالا گیا تھا۔ لوگ تعزیہ لے کر چل رہے تھے ۔ تعزیہ کی اونچائی 30سے35 فٹ تھی۔ اس کی وجہ سے لودھی گاﺅں کے پاس تعزیہ 33 ہزار وولٹ کی تار کی زد میں آگیا ۔ تعزیہ میں المونیم اور لوہے کے تاروںکا استعمال کیا گیا تھا۔ اس کی وجہ سے پورے تعزیہ میں کرنٹ دوڑ گیا ،کرنٹ لگتے ہی وہاں کھلبلی مچ گئی۔ تقریباََ 40لوگ اس کی زد میں آگئے۔ 22لوگوں کی حالت نازک ہے ، باقی لوگوں کو کرنٹ کا جھٹکا لگا تھا ۔ جلوس میں تین سے چار ہزار لوگ موجود تھے۔ اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ چکے ہیں ، مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ انتظامیہ کی لاپروائی سے یہ حادثہ ہوا ہے۔ صبح سے دوپہر تک بجلی کٹی ہوئی تھی ،لوگ کافی پریشان تھے ، مگر جب تعزیہ جلوس نکلنے کاوقت آیا تو بجلی دے دی گئی۔