ہاکی میں ہندستان نے دی بنگلہ دیش کوشکست

ڈھاکہ، 13 اکتوبر (یو این آئی) ہندستان نے اپنا بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے میزبان بنگلہ دیش کو جمعہ کو 7۔0 سے شکست دے کر ہیرو ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری جیت درج کی۔ ہندستان کی یکطرفہ جیت میں گرجیت سنگھ (7)، آکاش دیپ سنگھ (10)، للت اپادھیائے (13)، امیت روھداس (20)، ھرمن پریت سنگھ (28 اور 47) اور رمن دیپ سنگھ (46) نے گول داغے ۔ ہندستان اس جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر بنا ہوا ہے ۔ جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی اگلے را¶نڈ میں رسائی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور پاکستانی ٹیم اور جاپان کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 2۔2 گول سے برابر رہا۔بنگلہ دیش میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ میں گروپ اے میں موجود پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے مدمقابل تھی جہاں میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ دوسرے کوارٹر کے آغاز کے ساتھ ہی میچ کے 16ویں منٹ میں پاکستان کے ارسلان قادر نے گول کر کے ٹیم کو 1۔0 گول کی برتری دلائی لیکن جاپان نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور میچ کے 22 ویں اور 29ویں منٹ میں گول کر کے 2۔1 سے برتری حاصل کر لی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے اختتام سے دس منٹ قبل پاکستان کے عمر بھٹہ نے گول کر کے مقابلہ 2۔2 سے برابر کر دیا اور میچ کے اختتام تک یہ اسکور برابر رہا۔ پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے میچ برابر ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اچھا کھیل پیش نہیں اور اس سے بہتر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، ہماری فارورڈ لائن بھی بہتر کھیل پیش نہ کر سکی جبکہ ٹیم ورک کی بھی کمی نظر آئی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو روایتی حریف اور خطاب کی مضبوط دعویدار ہندستان کے خلاف کھیلے گی۔