ہم اپنا کام کرتے رہیںگے:نتیش کمار

پٹنہ 17 اکتوبر (تاثیربیورو): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھاجپا سے دوستی اور وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے مطالبہ رکھنے پر اپوزیشن کی تنقیدوں کا ایک بار پھر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنا کام کرتے رہیںگے ، جس کو جو بولنا ہے بولے۔ بہار کی ترقی کیلئے میں ان باتوں پر توجہ نہیں دیتا کہ کون کیا کہہ رہا ہے۔ موصوف آج زی میڈیا کے زیر اہتمام منعقد بہار کنکلیو ’دی نیو روڈ میپ‘ کا افتتاح کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کے مفاد میں کام کرنے والوں کو میں نہیں بھولتا ہوں۔ مرلی منوہر جوشی اور کانگریس کے سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارجن سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارجن سنگھ نے بہار کو آئی آئی ٹی دیا ہے۔ ہر فورم پر میں ان کا ذکر کرتا ہوں۔میں ترقی کے معاملے میں سیاست نہیں کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سنٹرل یونیورسٹی کا مطالبہ تو میں نے مرلی منوہر جوشی سے بھی کیا تھا۔ انہی کے تعاون سے پٹنہ یونیورسٹی کا انجینئرنگ کالج این آئی ٹی ہوا۔ آج وہ کئی میڈیکل کالج اور دیگر انسٹی چیوٹ کھولنا چاہتے ہیں۔ لیکن اساتذہ نہیں ملتے ہیں۔ ملک میں ماحول بننا چاہئے کہ لوگ ٹیچر بنیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے شعبہ میں نفٹ ، چانکیہ لا یونیورسٹی ، چندر گپت مینجمنٹ انسٹی چیوٹ اور آریہ بھٹ نالج یونیورسٹی جیسے انسٹی چیوٹ بھی کھولے گئے ہیں۔ نیوز چینل کے ذریعہ منعقد پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ریاست میں قانون وانتظام کے حوالے سے کہا کہ ریاست میں قانون کی بالادستی سے سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے سخت انداز میں کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث جانے پہچانے لوگ بھی بچ نہیں سکتے ہیں۔ جو بھی جرم کرے گا وہ اس کا نتیجہ بھگتے گا۔ بہار میں شراب بندی قانون کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت سارے طاقتور لوگ بھی شراب کے غیر قانونی دھندے میں لگے لوگوں کی مدد کرتے رہتے ہیں۔ پیجئے گا اور پکڑے جائیے گا تو جیل جانا ہی ہوگا، کوئی مدد نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت لوگ مذاق کرتے ہیں کہ شراب بندی قانون فیل ہوگیا۔ گاﺅں میں جائیے گا تب پتہ چلے گا، کرتے رہیے مذاق۔ میں اپنا کام کرتارہوںگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے سال کے آخر تک ہم ہر گھر تک بجلی پہنچادیںگے، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر پر کافی کام ہوا ہے۔ بہار میں 12.5 فیصد بچے اسکولوں سے باہر تھے ،ان کواسکول تک پہنچایا گیا۔ یہ بہار کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے بنیاد کو مضبوط کیا ،اگر کوئی سوچے کہ فوراََ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا تو یہ ممکن نہیں ہے۔ وقت لگنا فطری ہے۔ بنیاد اگر مضبوط ہوگی تو اس پر کھڑی عمارت بھی مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اطفال شادی اور جہیز انسداد مہم کا چرچہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم مضبوطی کے ساتھ چل رہی ہے اور چلتی رہے گی۔ پروگرام میں وزیربرائے تعمیرات سڑک نند کشور یادو، وزیرزراعت پریم کمار ،وزیر صنعت جئے کمار سنگھ، وزیر تعلیم کرشن نندن ورما، وزیر گنا صنعت واقلیتی فلاح خورشید عرف فیروز احمد ،سابق وزیرتعلیم اشوک چودھری سمیت بڑی تعداد میں اراکین قانون سازیہ سمیت زی بہار جھارکھنڈ کے ڈپٹی سی ای او کم چینل ہیڈ پروشتم ویشنو موجود تھے۔