بہار کے گورنر بنے ستیہ پال ملک

پٹنہ ، یکم اکتوبر (تاثیر بیورو): ملک کے صدر جمہوریہ نے 5 ریاستوں کیلئے گورنر کی تقرری کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں بہار بھی شامل ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی نائب صدر کے عہدے پر رہے ستیہ پال ملک کو بہار کا گورنر بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گنگا پرساد کومیگھالیہ، بی ڈی مشرا کو اروناچل پردیش، جگدیش مکھی کو آسام اور بنواری لال پروہت کو تمل ناڈو کا گورنر بنایا گیاہے۔ ایڈمیرل (سبکدوش) دویندر کمار جوشی مرکز کے زیر انتظام ریاست انڈومان نیکوبار کے لفٹننٹ گورنر بنائے گئے ہیں۔ واضح ہوکہ بہار کے گورنر رہے رام ناتھ کووند کے صدر جمہوریہ امیدوار بننے کے بعد مغربی بنگال کے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کو بہار کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ کووند کے صدر جمہوریہ منتخب ہونے کے بعد بھی مسٹر کیسری بہار کے گورنر کے چارج میں رہے ۔ اس کے بعد گذشتہ روز صدر جمہوریہ نے ستیہ پال ملک نے گورنر مقرر کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ نومقرر بہار کے گورنر ستیہ پال ملک بھارتیہ جنتا پارٹی کے قد آور رہنما رہے ہیں۔ گورنر بنائے جانے تک وہ بھاجپا کے قومی نائب صدر تھے۔ اترپردیش کے علی گڑھ کے باشندہ ستیہ پال ملک دو بار راجیہ سبھا (1980-84اور 1986-1989 تک ) اور ایک بار علی گڑھ سے ایم پی (1989-90) رہ چکے ہیں۔ اس کے قبل وہ ایم ایل اے بھی ہوئے ہیں۔ ستیہ پال ملک 21 اپریل 1990 سے 10نومبر 1990 تک مرکزی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور سیاحت کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔ وہ کئی اہم پارلیمانی کمیٹیوں کے ممبر اور چیئرمین بھی رہے ہیں۔ انہوںنے میرٹھ یونیورسٹی سے بی ایس سی اور ایل ایل بی کی پڑھائی کی ہے۔