بھاجپا کی الٹی گنتی شروع ، اس بار 100 کا آنکڑا پار نہیں کر پائے گی : سنجیو رائے

Taasir Urdu News | Uploaded on 04-OCTOBER-2017

سمستی پور ، 4 اکتوبر ( نمائندہ ) ضلع پارشد و سمستی پور ضلع پریشد عوامی مجلس عاملہ کے صدر سنجیو کمار رائے نے کہا کہ راجد پارٹی محبت ، آپسی بھائی چارہ وسماجی خیر سگالی کی علامت ہے۔ راجد نے ہمیشہ سماجی خیر سگالی و سماجی انصاف کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا لوگوں کو گمراہ نہ کرے ۔ گزشتہ دنوں ہوئے درگا پوجا و محرم کے موقع پر بہار کے کئی مقامات پر ہوئی کشیدگی اور تشدد حکومت بہار کی ناکامی کی مثال ہے۔ بہار میں قانون ، نظم ونسق گر چکی ہے۔ اور جرائم کا گراف بے حد تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ نتیش کمار آر ایس ایس کی کٹھ پتلی بن گئے ہیں۔ بھاجپا کا ماضی وحال دونوں میں نفرت کے داغ ہیں ۔ بابری مسجد شہید کئے جانے و گجرات فسادات کے داغوں کو دیکھے سماج و ملک میں نفرت ، خوف و انتشار کا ماحول بنانے والے لوگ اوچھی سیاست بند کریں ۔ نفرت پھیلا کر راج کرنا بھاجپا کا ایک نکاتی ایجنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے ملک کے غریب مزدوروں ، کسانوں ، و طلبا کو دھوکہ دیا ہے۔ آج ملک یہ جاننا چاہتا ہے کہ سال میں تقریباََ 9 سو سے زیادہ کسان خود کشی کیوں کررہے ہیں ؟طلبا کو سرکاری نوکریا ں کیوں نہیں مل رہی ہیں؟ مدھیہ پردیش میں کسانوں و وارانسی میں طالبات پر پولس ظلم کے لئے قصور وار کون ہیں ؟ ویاپم وسرجن گھوٹالہ کے لئے قصوروار کون ہیں ؟ نوٹ بندی کی وجہ کر مرنے والے تقریباََ سو بے قصور لوگوں کی موت کے لئے ذمہ دار کون ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بھاجپا کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ اور آئندہ گجرات انتخاب میں بھاجپا کو بے حد شرمناک شکست ملنا طے ہے ۔ساتھ ہی سال 2019 میں ہونے والے آئندہ پارلیمانی انتخاب میں بھاجپا سو کا آنکڑا پار نہیں کرپائے گی۔