ہنی پریت 6 دن کی پولس ریمانڈپر

پنچکولہ، 4 اکتوبر (یو این آئی) ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کو دو سادھویوں کے ساتھ عصمت دری کے معاملے میں قصور وار ٹھہرائے جانے کے بعد تشدد بھڑکانے کی ملزمہ ہنی پریت انساں کو پنچکولہ کی ایک عدالت نے آج چھ دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا۔ہنی پریت کو کل گرفتار کیا گیا تھا۔اسے آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں پولیس نے رام رحیم کی منہ بولی بیٹی ہنی پریت کو چودہ دن کے ریمانڈکی درخواست کی تھی لیکن عدالت نے چھ دن کی ریمانڈ ہی دی۔ پولیس نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ رام رحیم کو قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد بھڑک اٹھنے والے تشدد کی سازش میں ہنی پریت کا کیا رول ہے اس کے بارے میں پوچھ گچھ کرنی ہے اوراسے چودہ دن کی پولیس ریمانڈ چاہئے ۔ پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ پرتشدد وقعات کی تہہ تک پہنچنے کے لئے زیادہ وقت کی ضرورت ہے ۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی طرف سے رام رحیم کو عصمت دری کا قصوروار قرار دئے جانے کے بعدکئی ریاستوں میں تشدد بھڑک اٹھے تھے جس میں 41 افراد مارے گئے تھے ۔ ہنی پریت نے کل گرفتاری سے پہلے کچھ ٹیلی ویزن چینلوں کو دئے گئے انٹرویو میں خود اور رام رحیم کو بے قصور بتایا تھا۔ رام رحیم کے ساتھ رشتوں کے سلسلے میں خبروں میں رہی ہنی پریت کا کہنا تھا کہ اس کا ان کے ساتھ باپ اور بیٹی کا رشتہ ہے ۔ تشدد کے بعد سے مفرور ہنی پریت نے گذشتہ ہفتہ دہلی ہائی کورٹ میں پیشگی عرضی کی درخواست دی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کردیا تھا۔